افواج پاکستان کی مدد سے ہم نے 45 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کیا، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان

With the help of Pakistan Armed Forces, we rescued over 45 tourists, says Chief Secretary Gilgit-Baltistan
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان کی مدد سے ہم نے متاثرہ علاقوں سے 45 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کیا۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں پاک آرمی، پولیس، جی بی اسکاؤٹس مقامی انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے بھرپور حصہ لیا، افواج پاکستان کی مدد سے ہم نے متاثرہ علاقوں سے 45 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کیا۔
انہوں نے کہا کہ 10 جون سے لیکر اب تک 9 اموات ہو چکی ہیں جس میں سب سے زیادہ 8 اموات دیامر میں ہوئیں، زیادہ نقصانات کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے ہوئے، جس سے شدید ژالہ باری اور پھر اچانک سیلاب آیا، اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ بہت زیادہ ہوئی مگر الحمدللہ نقصان زیادہ نہیں ہوا، ہماری ریسکیو ٹیمز نے متاثرہ علاقوں کے راستوں کو بروقت کلیئرکیا۔
احمد مرزا نے کہا کہ تھک اور تھور میں جو سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی وہ شدید تھی، متاثرہ علاقوں سے تمام سیاحوں کو نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا، اسکے علاوہ ہیوی مشینری کے ذریعے کئی پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالاگیا، تمام متاثرہ افراد کی رہائش، کھانے اورجہاں ٹینٹ کی ضرورت تھی اس کا بھی بندوبست کیا گیا۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع متاثر ہوئے مگر دیامر سب سے زیادہ متاثر ہوا، بارش اور سیلاب سے انفراسٹرکچر بشمول سڑکوں اور پلوں کو بھی نقصان پہنچا، ہماری ٹیمز فیلڈ میں ہیں اور ریلیف ورک پوری تندہی کے ساتھ سرانجام دے رہی ہیں، یہ بڑے پیمانے کی تباہی ہے مگر ہم سیاحوں، مقامی افراد اور جہاں راستے بند ہیں وہاں کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ نے کئی متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو خوراک اور دیگر سہولیات پہنچائی ہیں، شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی، تمام سیاحوں سے گزارش ہے کہ موسم بہتر ہونے تک متاثرہ علاقوں کا سفر نہ کریں، افواج پاکستان اور تمام ریسکیو ادارے اس مشکل وقت میں متاثرین کی ہر ممکن مدد کرینگے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









