پائلٹ بننے کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری

Great news for young aspiring pilots
پائلٹ بننے کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے۔
حکومت بلوچستان نے صوبے میں فلائنگ اسکول کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایوی ایشن ونگ کیپٹن علی آزاد کے مطابق بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے فلائنگ اسکول کلب کو فعال کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں مختلف اقسام کے جہاز اڑانے کی باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے گی۔
تین سالہ اس منصوبے میں پورے ملک سے نوجوان داخلہ لے سکیں گے تاہم بلوچستان کے نوجوانوں کو خصوصی رعایت دی جائے گی، تاکہ وہ ایوی ایشن کے شعبے میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکیں۔ کیپٹن علی آزاد نے بتایا کہ اسکول میں داخلہ لینے والے نوجوانوں کو 500 فلائٹ گھنٹوں پر مشتمل مکمل تربیت فراہم کی جائے گی، جو انہیں ایک پروفیشنل پائلٹ بننے کے قابل بنائے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری خزانہ عمران زرکون نے بتایا کہ اس منصوبے پر حکومت کے خزانے سے کوئی رقم خرچ نہیں کی جائے گی، بلکہ اسے مکمل طور پر کارپوریٹ سیکٹر کے تعاون سے عملی شکل دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے زیرِ استعمال موجودہ تین طیارے بھی فلائنگ کلب میں شامل کیے جائیں گے، جو تربیتی مقاصد کے ساتھ ساتھ ریونیو جنریٹ کرنے کا ذریعہ بھی بنیں گے۔
عمران زرکون کا کہنا تھا کہ فلائنگ اسکول میں داخلے کے لیے عمر کی کم از کم حد 18 سال مقرر کی گئی ہے۔ اس منصوبے کو بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے وہ ڈاکٹر یا انجینیئر کے علاوہ اب ایوی ایشن کے شعبے میں بھی اپنا مستقبل سنوار سکیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









