پیٹرول موٹر بائیک کو الیکٹرک میں تبدیل کرنیوالوں کیلئے خوشخبری؛ حکومت کا بڑا اعلان

Good news for those converting petrol motorbikes to electric; major announcement by the government
پیٹرول موٹر بائیک کو الیکٹرک میں تبدیل کرنیوالوں کو حکومت کی جانب سے 1 لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ حکومت ان شہریوں کو ایک لاکھ روپے کیش انعام دے گی جو اپنی پیٹرول پر چلنے والی موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک میں تبدیل کریں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے، جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "پلانٹ فار پاکستان” وژن کا حصہ ہے۔ مہم کے تحت صوبے بھر میں اربن فاریسٹ کے قیام کے ذریعے سبز علاقوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال آسٹریلیا طرز کی جدید ٹیکنالوجی کی تنصیب مکمل کی جائے گی تاکہ درختوں کی باقاعدہ نگرانی اور میپنگ ممکن ہو سکے۔ منصوبے کے تحت 5 کروڑ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں پہلی بار اسموگ گنز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جنہیں آئندہ روز میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہری اگر روایتی لائٹس کو ایل ای ڈی لائٹس میں تبدیل کریں گے تو انہیں "کاربن گرین کریڈٹ” دیا جائے گا، جس کا مقصد ماحولیاتی بہتری کی حوصلہ افزائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹیکنالوجی سے لیس فائرفائٹنگ فورس بھی قائم کی جائے گی جس کی نگرانی بینک آف پنجاب کرے گا، جبکہ فاریسٹ لائن سے غیر قانونی قبضے ختم کرا دیے گئے ہیں تاکہ جنگلات کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
لاہوری شہریوں کے لیے ایک خصوصی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شہری 1399 پر کال کرے تو پی ایچ اے کی جانب سے مفت پودے ان کے گھر پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رنگ روڈ کے اطراف تین لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق گزشتہ ایک دہائی سے لاہور میں اسموگ کا مسئلہ موجود تھا، تاہم موجودہ حکومت نے مؤثر اقدامات کے ذریعے اس پر قابو پانے کی کوشش کی ہے، جن میں سات ایئر مانیٹرز کی تنصیب بھی شامل ہے۔ آخر میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے اور ہوا کے معیار میں بہتری آئے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










