بدھ، 25-مارچ،2026
بدھ 1447/10/06هـ (25-03-2026م)

ٹرین میں سفر کرنے والوں کیلئے بُری خبر

30 جولائی, 2025 13:40

پاکستان ریلوے نے مسافروں کی کم تعداد کے باعث شاہ حسین ایکسپریس کی سروس عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔

 ریلوے حکام کے مطابق شاہ حسین ایکسپریس کے متاثرہ مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، جس کے لیے کراچی کینٹ اور لاہور ریلوے اسٹیشنز کے ریزرویشن دفاتر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ٹرین کی معطلی کا فیصلہ صرف ایک دن کے لیے کیا گیا ہے۔

ریلوے ترجمان کے مطابق کراچی سے روانہ ہونے والی صرف دو ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں، جن میں پاکستان ایکسپریس اب دوپہر 2 بجے کے بجائے 4 بج کر 15 منٹ پر روانہ ہوگی، جبکہ ملت ایکسپریس شام 5 بجے کے بجائے 5 بج کر 45 منٹ پر روانہ کی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان ریلوے نے ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا ہے۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے اور اس میں معاونت فراہم کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اور دونوں کو جیل بھیجا جائے گا۔

وزیر ریلوے نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیانت، محنت اور قومی جذبے کے ساتھ فرائض کی انجام دہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ریلوے کو ایک جدید، فعال اور عوام دوست ادارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حنیف عباسی نے مون سون سیزن کے تناظر میں تمام ریلوے پلوں، پٹریوں اور دیگر انفرااسٹرکچر کا تفصیلی معائنہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں اور عملے کی جان و مال کا تحفظ ریلوے کا اولین قومی فریضہ ہے، جبکہ ’ستھرا پنجاب‘ مہم کے تحت ریلوے اسٹیشنز کی تزئین و آرائش بھی جاری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔