یومِ آزادی پر کن شہریوں کو انعامات دیئے جائیں گے؟

Who will receive awards on Independence Day?
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یومِ آزادی شایان شان طریقے سے منانے پر انعام دینے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یومِ آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے 14 روزہ تقریبات کا تفصیلی شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جشن یکم اگست سے شروع ہو کر 14 اگست تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ تقریبات وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق ترتیب دی گئی ہیں اور اس سال جشن کا تھیم "معرکہ حق” رکھا گیا ہے، جس میں قومی جذبے اور حکومت کے معاشی بحالی پروگرام "اُڑان پاکستان” کو اجاگر کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس دوران صوبے بھر میں مختلف ثقافتی اور موسیقی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے جن میں 13 اگست کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں معروف فنکاروں کا شاندار کنسرٹ شامل ہے۔ ساتھ ہی 8 اگست کو رانی باغ حیدرآباد اور 10 اگست کو سکھر میں بھی میوزیکل شوز ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سی ویو پر محکمہ ثقافت کی جانب سے خصوصی تھیم فلوٹ پیش کیا جائے گا اور صوبے بھر میں 160 سے زائد کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے، جن میں "سندھ الیون” اور "میئر الیون” کے درمیان کرکٹ میچ بھی شامل ہے جو برہانی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ 14 اگست کو مزار قائد پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور مختلف اضلاع میں پرچم کشائی، ریلیاں، اور گاڑیوں، دکانوں، گھروں اور عمارتوں کی بہترین سجاوٹ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جن میں بہترین سجاوٹ کرنے والوں کو انعامات دیے جائیں گے۔ 9 اگست کو کشتی رانی کا مقابلہ ہوگا جبکہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے جہانگیر کوٹہاری پریڈ پر آتش بازی اور میوزیکل شو کا انعقاد کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی کی تقریبات ملک بھر میں نمایاں ہوں، اس مقصد کے لیے کاروباری برادری کا بھرپور تعاون جاری ہے۔ اس کے علاوہ 11 اگست کو "یومِ اقلیت” منایا جائے گا اور معذور افراد کے لیے خصوصی میلہ بھی منعقد ہوگا جس میں وزیراعلیٰ خود شرکت کریں گے۔ "مائی کراچی” ایونٹ کا آغاز بھی اسی دوران ہوگا جس میں حب الوطنی پر مبنی فن پاروں کی تخلیق اور قومی نغمہ مقابلہ بھی شامل ہے۔ ایک وسیع میدان میں انسانی پرچم کی شکل بنانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔
حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ یہ 14 روزہ تقریبات جوش و جذبے اور عوامی شمولیت کے ساتھ بھرپور انداز میں منائی جائیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










