منگل، 24-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہے، وزیراعظم

04 اگست, 2025 13:10

وزیراعظم شہباز شریف سیلابی نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے گلگت بلتستان پہنچ گئے۔

ترجمان جی بی حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق گلگت پہنچنے پر وزیر اعلیٰ گلبر خان اور گورنر جی بی سید مہدی شاہ نے ان کا استقبال کیا، وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور دیگر بھی گلگلت بلتستان پہنچے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف گورنر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ متعلقہ ادارے وزیراعظم کو سیلاب سے تباہی پر بریفنگ دیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں امدادی چیکس تقسیم کریں گے۔

واضح رہے کہ حالیہ مون سون بارشوں نے گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں شدید تباہی مچائی ہے اور بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں سے بہت نقصانات ہوئے، سیلاب سے جانی نقصان پر بہت افسوس ہوا، دعا ہے اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

انہوں نے کہا کہ جی بی میں مختلف مقامات پر کلاؤڈ برسٹنگ سے تباہی ہوئی، دیامر، بابو سر، گانچھے سمیت دیگر علاقوں میں تباہی ہوئی، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں بھی سیلاب سے تباہی ہوئی اس کی بھی وجہ یہی تھی، وفاقی حکومت گلگت بلتستان حکومت سے رابطے میں ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ڈی ایم اے بہت اچھا کام کررہا ہے، گلگت میں دانش اسکولوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔