منگل، 24-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

طویل انتظار کی ٹینشن ختم؟ نادرا سے ایف آر سی گھر بیٹھے بنوانے کا طریقہ جان لیں

04 اگست, 2025 16:16

نادرا نے ایف آر سی گھر بیٹھے بنوانے کا طریقہ متعارف کروا دیا ہے۔

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اگست 2025 کے لیے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) سے متعلق فیس اور تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ایف آر سی کو حال ہی میں ویزا پراسیسنگ کے لیے ایک لازمی دستاویز قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

 نادرا کے مطابق یہ سرٹیفکیٹ کسی فرد کے خاندانی ڈھانچے کی تصدیق کرتا ہے اور ویزا کے حصول، وراثتی معاملات اور دیگر خاندانی امور میں استعمال کیا جاتا ہے، تاہم اس کی قانونی حیثیت نہیں ہوتی۔

ایف آر سی خاص طور پر ان پاکستانیوں کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے جو بیرون ملک مقیم ہیں اور اپنے اہل خانہ کو اپنے پاس بلانا چاہتے ہیں، کیونکہ سفارت خانے ویزا درخواست کے ساتھ یہ سرٹیفکیٹ لازمی طور پر طلب کرتے ہیں۔

 شادی کی بنیاد پر حاصل کیا جانے والا ایف آر سی سب سے زیادہ عام ہے، جس میں شوہر، بیوی اور بچوں کی تفصیلات شامل ہوتی ہیں، بشرطیکہ تمام افراد نادرا کے ڈیٹا بیس میں مکمل رجسٹرڈ ہوں اور ان کے پاس قومی شناختی نمبر موجود ہو۔

نادرا نے ایف آر سی حاصل کرنے کے دو طریقے متعارف کرائے ہیں۔ پہلا طریقہ نادرا رجسٹریشن سینٹرز کے ذریعے ہے، جہاں درخواست گزار کو ٹوکن حاصل کر کے عمل مکمل کرنا ہوتا ہے۔ 18 سال سے کم عمر بچوں کی موجودگی اور تصویر ضروری ہوتی ہے، جبکہ بالغ بچوں کی موجودگی لازمی نہیں، تاہم ان کی معلومات کا اندراج کیا جاتا ہے۔ تصدیق کے بعد یہ دستاویز اُسی دن جاری کر دی جاتی ہے۔

دوسرا طریقہ نادرا کی موبائل ایپ "پاک آئیڈنٹٹی” کے ذریعے ہے، جس کے تحت شہری آن لائن درخواست دے کر ایف آر سی ڈیجیٹل شکل میں ای میل کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ طریقہ خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے آسان اور مؤثر قرار دیا گیا ہے۔

ایف آر سی کے لیے لازمی دستاویزات میں تمام اہل خانہ کے 13 ہندسوں پر مشتمل شناختی نمبر، درست ہجے اور نابالغ بچوں کی تصاویر شامل ہیں۔ اگر خاندان میں کوئی فرد نادرا کے ریکارڈ میں شامل نہیں یا معلومات نامکمل ہیں، تو اس کا اندراج ممکن نہیں ہوگا۔

نادرا نے ایف آر سی (شادی کی بنیاد پر) کی فیس ایک ہزار روپے مقرر کی ہے، اور شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے خاندانی ریکارڈ کو بروقت اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر یہ اہم دستاویز کسی تاخیر یا مشکل کے بغیر حاصل کی جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔