بچوں کیساتھ دو دریا پر خودکشی کرنیوالے اورنگزیب کے والد کا اہم بیان سامنے آگیا

بچوں کیساتھ دو دریا پر خودکشی کرنیوالے اورنگزیب کے والد کا اہم بیان سامنے آگیا
کراچی کے دو دریا سمندر میں 2 بچوں کے ساتھ خودکشی کرنے والے اورنگزیب عالم کے والد کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
اورنگزیب عالم کے والد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹا عالم ماسٹرز تھا، اسکول چلاتا تھا، اس کی شادی 2015 میں اسی کی پسند سے اسکول میں آنے والی ایک لڑکی سے کی تھی جس کے بعد بہو اسکول میں پرنسپل بن گئی تھی اور بیٹے کے 3 بچے (دو بیٹے اور ایک بیٹی) تھے۔
انہوں نے کہا کہ شادی کے تیسرے روز ہی بیٹے نے بیوی کو کسی اور شخص سے فون پر بات کرتے ہوئے پکڑ لیا تھا جس پر گھر میں بہت جھگڑا ہوا تھا، ڈیڑھ سے 2 مہینے بعد بیٹے کے سسرال والوں نے اس کو ہم سے علیحدہ کروادیا، اس کے بعد بھی بہو کئی افیئرز سامنے آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 ، 4 ماہ قبل ہی بہو نے میرے سگے بھتیجے سے تعلقات استوار کرلیے تھے، بہو کے نئے تعلق سے بیٹے کے علاوہ دونوں گھروں کے افراد آگاہ تھے لیکن اس کے باوجود ہم بیٹے کی خوشی کی خاطر اس بات کو چھپائے رکھنے پر مجبور تھے تاہم اسکول کے عملے نے بیٹے کو بہو کے حوالے سے بتایا، اس کے بعد میاں بیوی کی لڑائی ہوئی اور بہو نے میکے جاکر بیٹے سے علیحدگی کا نوٹس دیتے ہوئے بچوں کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔
والد نے بتایا کہ واقعے سے چند روز قبل رات کو پولیس ریڈ کرکے ہم سب کو تھانے لے گئی، اگلی صبح کورٹ میں پیشی ہوئی جس پر فیصلہ سنایا گیا کہ بچے ماں کے پاس رہیں گے، بچوں کی جدائی کے خوف سے بیٹے نے بیوی سے پاؤں پکڑ کر معافی مانگ لی جس پر بہو نے بیٹے سے اسکول نام کرنے، علیحدہ گھر میں رکھنے اور کسی بھی پابندی کے بغیر زندگی گزارنے کا مطالبہ کیا، بیٹے نے حامی بھرتے ہوئے ہمیں بھی اس فیصلے سے آگاہ کیا لیکن اس کے باوجود اگلے روز ہی یہ واقعہ پیش آگیا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ دو دریا پر ایک شہری نے 2 بچوں سمیت سمندر میں چھلانگ لگادی تھی جس کے بعد تینوں افراد کی لاشیں برآمد ہوچکی ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











