منگل، 24-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

طوطے کی گواہی سے منشیات فروشوں کا بھانڈا پھوٹ گیا

07 اگست, 2025 10:00

باتیں کرنے والے ایک طوطے کی جانب سے کہے گئے ایک جملے کی گواہی سے منشیات فروشوں کا بھانڈا پھوٹ گیا۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ برطانیہ کے شہر بلیک پول میں پیش آیا جہاں پولیس نے ایک طوطے کی مدد سے منشیات کے گینگ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ اس طوطے کا نام مینگو تھا، جو نہ صرف باتیں کرتا تھا بلکہ نشہ بیچنے کے لیے جملے بھی دہراتا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں سے کوکین، ہیروئن، نقدی اور فون برآمد ہوئے۔

اسی کے ساتھ ایک ویڈیو بھی ملی جس میں گینگ لیڈر ایڈم گارنیٹ کی گرل فرینڈ شینن ہلٹن اپنے طوطے کو ایک بچے کے سامنے یہ سکھا رہی تھی کہ "ٹو فار 25” (یعنی دو چیزیں 25 پاؤنڈ میں) یہ منشیات بیچنے کا کوڈ تھا۔

ایک اور ویڈیو میں مینگو نوٹوں سے کھیل رہا تھا جو نشے کے کاروبار سے کمائے گئے تھے۔

اصل کہانی اُس وقت منظرعام پر آئی جب جیل میں پہلے سے قید ایڈم گارنیٹ کے سیل کی تلاشی کے دوران متعدد موبائل فونز اور وائی فائی راؤٹرز برآمد ہوئے۔

تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ایڈم گارنیٹ جیل کے اندر سے ہی اپنے 14 ساتھیوں کو ہدایات دے رہا تھا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس کے نائب دلبیر سندھو، جیسن گیرینڈ اور گرل فرینڈ شینن ہلٹن کے گھروں سے منشیات، نقد رقم اور دیگر اہم شواہد برآمد کیے۔

مزید ویڈیوز میں ہلٹن اور گارنیٹ کے درمیان ویڈیو کالز کے شواہد بھی ملے جس سے ملزمان کیخلاف گھیرا مزید تنگ ہوگیا اور ان کیلئے جھوٹ بولنا ممکن نہیں رہا، بالآخر عدالت کے سامنے تمام ملزمان کو اعتراف جرم کرنا پڑا۔

بعد ازاں عدالت نے تمام ملزمان کو سخت سزائیں سناتے ہوئے گینگ کے سرغنہ ایڈم گارنیٹ کو 19 سال 6 ماہ قید (اس سے قبل دی گئی 15 سالہ سزا کے بعد)، شینن ہلٹن کو 12 سال، دلبیر سندھو کو 10 سال اور جیسن گیرینڈ کو 8 سال 3 ماہ قید کی سزا سنائی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔