منگل، 24-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو کے لیے سفیر پاکستان کی تعریفی سند

07 اگست, 2025 17:09

برسلز: چیئرمین کشمیرکونسل ای یو کے لیے سفیر پاکستان کی تعریفی سند: علی رضا سید کی خدمات قابل ستائش ہیں، ایمبسیڈر رحیم حیات

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کو بلجیم میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے ان کی کشمیر پر گرانقدر خدمات کے اعتراف کے طور پر ایک تعریفی سند پیش کی ہے۔

علی رضا سید کو یہ تعریفی سرٹیفکیٹ یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے سفارتخانہ پاکستان بلجیم میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران دیا گیا۔ سفیر پاکستان نے خصوصی تعریفی سند چیئرمین کشمیرکونسل ای یو کو پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے خاص طور کشمیریوں کے حقوق کے بارے میں یورپ میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے خدمات قابل ستائش اور قابل تعریف ہیں۔

 

 

اس موقع پر چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے سفیر پاکستان رحیم حیات قریشی کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے پیرس میں بھی پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام 5 اگست "یومِ استحصالِ کشمیر” کی تقریب سے خطاب کیا اور جرمنی میں سفارتخانہ پاکستان کے تحت منعقد ہونے والے ویبینار میں شرکت کی۔ پیرس میں تقریب کے دوران چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے فرانس کے لیے پاکستان کی سفیر محترمہ ممتاز زہرا بلوچ کے ساتھ کشمیرکے بارے میں بات چیت کی۔

علی رضا سید نے اپنی گفتگو کے دوران بھارت کے یکطرفہ اقدامات (آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے) کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کی طرف توجہ دلائی۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے دہائیاں قبل اپنے زیرقبضہ جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دے کر کشمیریوں سے ان کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن بھارت نے اپنے آئین میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے غیرقانونی اور غیراخلاقی کام کیا ہے۔ ان بھارت ناجائز اقدامات کا مقصد کشمیریوں کی شناخت کو مٹانا اور جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ جاری رکھنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے آرٹیکلز 370 اور 35 اے کو ختم کرکے طویل عرصے تک لاک ڈاؤن کیا اور کشمیریوں پر بہت ساری پابندیاں لگائی جو اب بھی جاری ہیں۔ بہت سے کشمیری سیاسی رہنما اور انسانی حقوق کے علمبردار اور صحافی قید ہیں جن میں یاسین ملک، شبیراحمد شاہ، خرم پرویز اور سجاد گل بھی شامل ہیں۔ بے گناہ نوجوانوں کی حراست، قتل عام اور جبری گمشدگیوں اور خواتین کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیوں اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے بھارت کی جانب سے کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیوں کو جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے یورپی یونین اور اقوام متحدہ سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔

نہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر دباؤ بڑھائے تاکہ کشمیریوں کو اپنا حقِ خودارادیت دیا جائے اور مسئلہ کشمیر پرامن اور منصفانہ طور پر حل ہوجائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔