بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد امریکی ٹیرف، کون سے شعبے متاثر ہورہے ہیں؟

50% US tariff on Indian products, which sectors are being affected?
بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد امریکی ٹیرف عائد ہونے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان دو دہائیوں میں پہلی بار تجارتی تعلقات انتہائی نچلی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
ابھی ٹیرف کے نفاذ کو 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ بھارتی روپیا ڈالر کے مقابلے میں قدر کھو بیٹھا اور سرمایہ کاروں کی مایوسی نے اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان پیدا کردیا۔
نئے امریکی ٹیرف سے بھارت سے امریکا بھیجی جانے والی 55 فیصد برآمدات متاثر ہوں گی، جن میں ٹیکسٹائل، جواہرات، چمڑے کی مصنوعات، آٹو پارٹس اور سی فوڈ کے شعبے شامل ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر ٹیرف کے نفاذ کا مقصد نئی دہلی کو روس سے تیل کی خریداری سے روکنا ہے۔ کیونکہ واشنگٹن سمجھتا ہے کہ روس سے تیل کی خریداری ”یوکرین جنگ میں روس کی مالی مدد“ کا سبب بن رہی ہے۔
کون کون سے بھارتی شعبے متاثر ہوئے؟
بھارتی میڈیا نے وزارت تجارت کے حوالے سے بتایا ہے کہ مالی سال 25-2024 میں بھارت نے امریکا کو 86.5 ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں۔ لیکن اب نئی ٹیرف پالیسی سے ٹیکسٹائل و ملبوسات، جواہرات، چمڑے، کیمیکل، مشینری اور سمندری خوراک کے شعبے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل و ملبوسات کی بھارتی برآمدات کا حجم سالانہ 10.3 ارب ڈالر ہے، جس میں کاٹن تولیے، ریڈی میڈ گارمنٹس، ہوم ٹیکسٹائلز اور فیشن اپیرل شامل ہیں۔
اسی طرح، امریکا کو جواہرات اور زیورات کی برآمدات، جو بھارتی برآمدی معیشت کا ستون سمجھی جاتی ہیں، سالانہ 12 ارب ڈالر تک پہنچتی ہیں۔ چمڑے اور جوتوں کی برآمدات 1.18 ارب ڈالر اور کیمیکل مصنوعات 2.34 ارب ڈالر کی سطح پر ہیں۔
الیکٹریکل و میکینیکل مشینری کا شعبہ امریکا کو 9 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے، جبکہ جھینگے اور دیگر سی فوڈ اشیاء کی برآمدات 2.24 ارب ڈالر کے قریب ہیں۔
ماہرین کے مطابق، بھارتی برآمدی معیشت کے لیے یہ ٹیرف ایک بڑا جھٹکا ہے۔ اس کے باعث بھارتی مصنوعات ویتنام اور بنگلا دیش کی سستی اشیا کے مقابلے میں 30 تا 35 فیصد مہنگی ہو جائیں گی۔ اس سے ناصرف بھارتی کمپنیوں کی مسابقت متاثر ہوگی بلکہ لاکھوں ملازمتیں بھی خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
امریکی اقدامات کے فوری اثرات
نئے ٹیرف کے اعلان کے ساتھ ہی بھارتی روپے کی قدر میں کمی آئی اور برآمدات پر انحصار کرنے والی کمپنیوں کے شیئرز گر گئے۔
رپورٹ کے مطابق، امریکی خریداروں نے بھارتی آرڈرز روک کر ویتنام و بنگلہ دیش سے متبادل تلاش کرنا شروع کر دیے ہیں۔
معاشی اثرات: ملازمتیں خطرے میں
ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ بھارتی مصنوعات پر امریکی ٹیرفس کے باعث نہ صرف بھارت کی کُل مجموعی پیداوار متاثر ہوگی بلکہ برآمدی شعبوں، خاص طور پر محنت طلب صنعتوں میں بڑے پیمانے پر بیروزگاری کا خدشہ ہے۔
بھارت کے چیمبر آف کامرس کی ایک رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر بھارت کی 8 ارب ڈالر کی برآمدات متاثر ہوں گی، لیکن جیسے جیسے مکمل ٹیرف لاگو ہوگا، اس کے اثرات پورے معاشی نظام میں محسوس ہوں گے۔
آٹو پارٹس کی صنعت، جو امریکا کو سالانہ 7 ارب ڈالر کی برآمدات کرتی ہے، وہ بھی ان اقدامات کی زد میں آ گئی ہے، جس سے نہ صرف برآمدات بلکہ سرمایہ کاری اور روزگار بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
الیکٹرانکس اور دوا سازی کی صنعتیں فی الحال ان ٹیرف سے مستثنیٰ ہیں، لیکن باقی کلیدی شعبے براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں۔
آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟
بھارت میں سیاسی و کاروباری حلقے امریکا پر انحصار کم کر کے یورپ اور ایشیا کی منڈیوں کی طرف فوری توجہ دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما ششی تھرور نے امریکی ٹیرف کو ”ایک زوردار جھٹکا“ قرار دیا اور متبادل منڈیوں تک رسائی کو قومی ضرورت قرار دیا ہے۔
معروف کاروباری شخصیت آنند مہندرا نے اس بحران کو ”نئے معاشی اصلاحات کی ضرورت کی ایک کڑی“ قرار دیا اور 1991 کے معاشی بحران کی طرح اس موقع کو اصلاحات کی راہ ہموار کرنے پر زور دیا۔
ماہرین کہتے ہیں کہ 50 فیصد ٹیرف نہ صرف بھارت کی برآمدی معیشت بلکہ دہلی اور واشنگٹن کے اسٹریٹیجک تعلقات کی بنیادوں کو بھی ہلا کر رکھ دے گا۔ آنے والے تین ہفتے نہایت اہم قرار دیے جا رہے ہیں، کیونکہ بھارت کو توانائی کے تحفظ، برآمدی آمدن اور روزگار بچانے کے مشکل فیصلے کرنا ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












