منگل، 24-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

گاڑی مالکان کے لیے اہم خبر آگئی

08 اگست, 2025 10:48

سندھ کابینہ نے گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیشن کا نظام بہتر بنانے کے لیے واہ انڈسٹریز کو یہ ذمہ داری سونپنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

 یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، مشیران، معاونین خصوصی اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں یومِ آزادی کی تقریبات سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے گاڑیوں کے فٹنس انسپیکشن سینٹرز کے قیام سے متعلق کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سندھ میں 92 لاکھ سے زائد گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، تاہم فٹنس کا معیاری نظام نہ ہونے کے باعث مؤثر فزیکل انسپیکشن ممکن نہیں۔

 انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے ڈیجیٹائزڈ موٹر وہیکل انسپیکشن سسٹم متعارف کرا دیا ہے جس میں فٹنس سرٹیفکیٹس پر کیو آر کوڈ شامل کیا گیا ہے، جبکہ رجسٹریشن اور چالان کی ادائیگی کے لیے آن لائن نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ اب تک 33 ہزار سے زائد گاڑیاں فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر چکی ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کے علاقوں ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل، ملیر، ابراہیم حیدری اور کورنگی میں جدید فٹنس آلات نصب کیے گئے ہیں، جب کہ دیگر شہروں حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد میں بھی فٹنس سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ کمرشل اور ہیوی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجراء کے لیے واہ انڈسٹریز کو ذمہ داری دی جائے۔

کابینہ نے اس تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ وہ واہ انڈسٹریز سے مشاورت کے بعد نیا پروپوزل تیار کرکے کابینہ میں پیش کرے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔