پی ڈی ایم اے نے مون سون کے نئے اسپیل کی پیشگوئی کردی

PDMA predicts new monsoon spell
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں مون سون کے نئے اسپیل کے آغاز کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 13 اگست سے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی بارشوں کے ساتھ ساتھ دریائے ستلج اور اس کے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی توقع ظاہر کی ہے جس کے پیش نظر سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کی بارشوں اور بالائی آبی ذخائر سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے ستلج میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے، خاص طور پر گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہے، جس کے باعث بھاکڑا ڈیم 61 فیصد، پونگ ڈیم 76 فیصد اور تھین ڈیم 64 فیصد تک بھر چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے بھی متعلقہ محکموں اور ایمرجنسی کنٹرول رومز کے عملے کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی تاکید کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے کنارے موجود مکانات اور مویشیوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ ممکنہ سیلابی نقصانات سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں اور حکام کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








