منگل، 24-مارچ،2026
پیر 1447/10/04هـ (23-03-2026م)

بیرون ملک نوکری کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری

12 اگست, 2025 11:37

یورپی ملک بیلا روس میں 10 ہزار پاکستانیوں کیلئے نوکریاں آنے کا امکان ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ بیلاروس میں دستیاب ڈیڑھ لاکھ ملازمتوں میں سے 10 ہزار ملازمتوں کا کوٹہ پاکستان کو دیے جانے کا امکان ہے۔

 کمیٹی کے چیئرمین ذیشان خانزادہ کی زیر صدارت اجلاس میں وزارتِ سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کے حکام نے بتایا کہ بیلاروس کے ساتھ ملازمتوں سے متعلق مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ دنیا بھر میں قید 17 ہزار 236 پاکستانیوں میں سے 15 ہزار 238 صرف مشرق وسطیٰ کی جیلوں میں قید ہیں، جو ایک تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ حکام کے مطابق ان میں سے تقریباً 80 فیصد قیدی ایسے ہیں جن کی گرفتاری کی بنیادی وجہ ویزے کی میعاد ختم ہونے کے بعد غیر قانونی قیام ہے، جبکہ باقی زیادہ تر افراد جنسی ہراسانی اور منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا کوئی معاہدہ موجود نہیں، حالانکہ اس وقت افغان جیلوں میں 78 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔ دفتر خارجہ کے نمائندے نے کہا کہ اس سلسلے میں کام جاری ہے، تاہم باضابطہ معاہدہ نہ ہونے کے باعث قیدیوں کی واپسی میں مشکلات درپیش ہیں۔

کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ اب تک سری لنکا سے 56، برطانیہ سے 6 اور سعودی عرب سے 27 قیدی قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت پاکستان واپس لائے جا چکے ہیں، جبکہ چین سے 5 پاکستانی قیدی جلد وطن واپس آئیں گے۔

کمیٹی نے وزارت سے مطالبہ کیا کہ قیدیوں کے تبادلے کے مزید معاہدے کیے جائیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قانونی رہنمائی اور تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔