منگل، 24-مارچ،2026
پیر 1447/10/04هـ (23-03-2026م)

ٹرمپ کے شکر گزار ہیں انہوں نے بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا، بلاول بھٹو

12 اگست, 2025 14:30

حیدرآباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے شکر گزار ہیں انہوں نے بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدر آباد میں تیزی سے ترقیاتی کام ہورہے ہیں، اگلے 3 سال میں مزید 3 منصوبے مکمل ہوجائیں گے، نیاز اسٹیڈیم کی بحالی کے کام مکمل ہونے کے بعد افتتاح کیا، سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے، صوبائی حکومت اور بلدیاتی ادارے مل کر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ مکمل ہونے سے شہریوں کو فائدہ ہوگا، مسائل کے حل کیلئے اقدامات کررہے ہیں، سندھ میں کرپشن سے پاک منصوبے لارہے ہیں، سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام شفاف ترین منصوبہ ہے، 21 لاکھ گھر بناکر متاثرین کو مالکانہ حقوق بھی دے رہے ہیں، ماضی میں بلدیاتی نظام الگ جماعت سے منسلک تھا، روٹی، کپڑا اور مکان کا وعدہ پورا کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایئرپورٹ بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، حیدر آباد میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بننا چاہیے، وفاقی حکومت سے حیدر آباد ایئرپورٹ کیلئے بات کروں گا، حیدر آباد ایئرپورٹ سیالکوٹ ایئرپورٹ کی طرز پر بنائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں معصوم لوگوں کو نشانہ بناتی ہے، کالعدم  بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے بھارت کا ساتھ دیا، کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے کھل کر مودی کی حمایت کی، کوشش ہے اقوام متحدہ سے بھی ان تنظیموں پر پابندی لگے، امریکا نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا جو بڑی کامیابی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آئینی بینچوں کا قیام ہماری دیرینہ خواہش تھی، آئینی ترامیم تمام جماعتوں کی مشاورت سے لائی گئیں، آئین کے تحت ہر 5سال بعد نیا این ایف سی ایوارڈ ہونا چاہیے، صوبوں کو ان کا حق دینا پڑے گا، وفاقی حکومت کو اپنی ذمے داری پوری کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت ابھی تک ہوش میں نہیں آیا، بھارت ابھی تک پاکستان سے عبرتناک شکست نہیں بھولا، بھارت نے بزدلانہ حرکت کی اور پانی بند کرنے کی دھمکی دی، ٹرمپ کے شکر گزار ہیں انہوں نے بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو پانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا، وفاقی حکومت کو پانی کی قلت ختم کرنے کیلئے نئے طریقے اپنانا ہوں گے، 9 مئی کو سیاسی جماعت  نے فوج   کے اداروں پر حملہ کیا، پاکستان کی بہتری کیلئے تمام ادارے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں، سیاستدانوں کو سیاست کے دائرے میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔