پیر، 23-مارچ،2026
پیر 1447/10/04هـ (23-03-2026م)

ملک بھر میں آج 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

14 اگست, 2025 10:41

پاکستان بھر میں آج 78واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے اور ملی یکجہتی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

دن کا آغاز ملک کے مختلف شہروں میں توپوں کی سلامی سے ہوا، جب کہ نمازِ فجر میں وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی، امن اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ رات 12 بجتے ہی شروع ہو گیا، جب پورا ملک سبز ہلالی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا۔ بھارت کے خلاف حالیہ تاریخی فتح نے عوام کے جوش و خروش کو مزید دوبالا کر دیا، اور ہر گلی، کوچہ اور شہر میں خوشی کی فضا قائم ہو گئی۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں چراغاں کیا گیا اور شاندار آتش بازی کے مظاہرے دیکھنے میں آئے۔ شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور جگہ جگہ ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلیکس میں یومِ آزادی اور "معرکہ حق” کی فتح کے حوالے سے مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی کابینہ کے ارکان، قومی اسمبلی و سینیٹ کے اراکین، غیر ملکی سفارتکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب میں پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے چاق و چوبند دستوں کے علاوہ پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبر پختونخوا کے جوانوں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا، جب کہ تینوں مسلح افواج کے بینڈز نے ملی نغموں کی دھنوں سے فضا کو گرما دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر "یادگارِ معرکہ حق” کے ماڈل کی نقاب کشائی بھی کی۔

لاہور اور کوئٹہ میں بھی دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ دونوں شہروں کی مساجد میں نماز فجر کے دوران ملک کی سلامتی، ترقی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مزارِ قائد کراچی اور مزارِ اقبال لاہور پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں نے اپنے فرائض سرانجام دیے۔

صدر مملکت کی قوم کو مادر وطن کی آزادی کی سالگرہ کی مبارکباد

صدر مملکت آصف زرداری نے تمام پاکستانیوں کو مادر وطن کی آزادی کی سالگرہ کی مبار کباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، حال ہی میں قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت،عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی غیر متزلزل عزم ،بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور قومی اتحاد کا ثبوت ہے،بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں ہم نے تحمل،حکمت اور بھرپور قوت سے دفاع کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کو ایسے ملک کے طور پر دیکھتی ہے جو امن کا خواہاں ہے مگر دباؤ کے آگے نہیں جھکتا۔

جشن آزادی پر سروسز چیفس اور افواج پاکستان کی قوم کو مبارک باد

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پرچیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیشنل انٹیلیجنس (ملٹری)؛ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نیشنل انٹیلیجنس (ملٹری)؛ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، نیشنل انٹیلیجنس (ملٹری)؛ اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نیشنل انٹیلیجنس (ملٹری)، افواجِ پاکستان کی جانب سے پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دن ہماری وحدت، ثابت قدمی اور روشن مستقبل کےعزم کی عظیم کامیابی کی علامت ہے۔افواجِ پاکستان اُن رہنماؤں، مدبّروں اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے وطن کی بنیادیں رکھیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔