سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کو بڑی تباہی سے بچالیا، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کو بڑی تباہی سے بچالیا، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کو بڑی تباہی سے بچالیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سے بی ایل اے کا سہولت کار پروفیسر گرفتار کرلیا گیا، لیکچرار نے موٹرسائیکل پر دہشت گرد کو منزل پر پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر حملے میں بھی یہی لوگ ملوث تھے، ریلوے اسٹیشن خود کش حملے میں 32 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، لیکچرار خودکش بمبار کو موٹر سائیکل پر ریلوے اسٹیشن چھوڑ کر آیا، گرفتار لیکچرار نے خود اسکالر شپ پر تعلیم حاصل کی، خودکش حملہ آور نے 14 اگست پر کارروائی کرنی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ایجنسیز اور سی ٹی ڈی کو شاباش دیتا ہوں، دہشت گردوں نے ان بچوں کو نشانہ بنانا تھا جو جشن آزادی منارہے تھے، سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں قیام امن کیلئے کوشاں ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ محرمیوں کی جو داستان سنائی جاتی ہے اس میں کچھ سچ نہیں، بلوچستان کے عوام محتاط اور گمراہ کن عناصر سے دور رہیں، پاکستان کو توڑنے کی منظم سازش برسوں سے جاری ہے، نہیں چاہتے کسی کے گناہ کی سزا کسی اور کو ملے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بیانیہ چلایا جاتا ہے بلوچستان کے لوگ محروم ہیں، گرفتار ہونے والا پروفیسر کہاں سے محروم ہے؟ لوگ کہتے ہیں بلوچستان میں طاقت کا استعمال ہورہا ہے، بتائیں طاقت کا استعمال کہاں ہوا ہے؟ ریاست کے خلاف منظم پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
گرفتار دہشت گرد کا اعترافی بیان
بیوٹم یونیورسٹی کے گرفتار لیکچرار نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ پولیس مقابلے میں زخمی دہشت گرد کو پناہ دی، ہم دہشت گردی کیلئے سوشل میڈیا ایپ کا استعمال کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست نے ہمیں سب کچھ دیا ہے، ریاست سے غداری کی جس پر دل سے شرمندہ ہوں، دہشت گردی کیلئے مجھے حربیار کی طرف سے اہداف بتائے جاتے تھے۔
گرفتار لیکچرار عثمان قاضی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں تربت کا رہائشی ہوں، وہیں پلا بڑھا، میں نے قائداعظم یونیورسٹی سے ایم فل اور پشاور سے پی ایچ ڈی کیا، وہیں میری ملاقات کچھ لوگوں سے ہوئی اور پھر کوئٹہ واپسی پر مجھے دہشت گرد تنظیم میں شامل کیا گیا، میں بیوٹم یونیورسٹی میں 18گریڈ میں لیکچرار ہوں، بشیر زیب مجھے گائیڈ لائن دیتا تھا۔
ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ اس نے ایک پستول لیکر تنظیم کی ایک خاتون کو دی تھی، یہ پستول سرکاری افسران کی ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہوا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












