پیر، 23-مارچ،2026
پیر 1447/10/04هـ (23-03-2026م)

حکومت سے مفت سولر سسٹم کیسے حاصل کریں؟ طریقہ جانیے

18 اگست, 2025 11:25

توانائی بحران اور بڑھتی ہوئی بجلی کی قیمتوں کے پیشِ نظر شہریوں کی بڑی تعداد شمسی توانائی کی جانب مائل ہو رہی ہے۔

 تاہم ہر فرد مہنگے سولر سسٹم کی خریداری کی سکت نہیں رکھتا، اسی لیے صوبائی حکومتوں کی جانب سے کم آمدنی والے خاندانوں کو مفت سولر سسٹمز فراہم کرنے کی اسکیمز متعارف کرائی گئی ہیں۔

سندھ حکومت نے بھی اس سلسلے میں "سندھ سولر انرجی پراجیکٹ” کے تحت مفت سولر ہوم سسٹمز کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا ہے، جس کا مقصد عام شہری کا بجلی کا بل کم کر کے معاشی بوجھ میں کمی لانا اور صوبے کو قابلِ تجدید توانائی کی طرف منتقل کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے تحت رواں سال کے آغاز سے ہی 2 لاکھ سولر ہوم سسٹمز کی تقسیم کا عمل شروع کیا گیا، جو پہلے مرحلے میں کامیابی سے جاری رہا۔ اس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید 3 لاکھ یونٹس خریدنے کی منظوری دی۔ اب منصوبے کے دوسرے مرحلے میں ایک لاکھ 30 ہزار مزید خاندانوں کو مفت سولر سسٹمز فراہم کیے جائیں گے۔

مفت سولر اسکیم سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے ان افراد کو اہل قرار دیا گیا ہے جن کا گزشتہ 6 مہینوں کے دوران بجلی کا ماہانہ استعمال 100 یونٹس سے کم رہا ہو اور وہ ماضی میں کسی مفت سولر اسکیم سے استفادہ نہ کر چکے ہوں۔

درخواست دینے کے لیے قومی شناختی کارڈ کی کاپی اور حالیہ بجلی کے بل کے ساتھ درخواست فارم یو سی چیئرمین یا کسی گزیٹڈ افسر سے تصدیق کے بعد جمع کروانا ضروری ہے۔ اسکیم کے لیے آن لائن درخواستیں دی جا سکتی ہیں، اور اس کی آخری تاریخ 20 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے۔

درخواست دہندگان کی تعداد اگر مختص کوٹے سے بڑھ گئی تو قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ مستفید ہونے والے افراد کا چناؤ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کے ڈیٹا کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے، جب کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہینڈز، ایس آر ایس او اور سافکو جیسی این جی اوز کی مدد سے ہر ہفتے فی ضلع تقریباً 400 کٹس تقسیم کی جا رہی ہیں۔

ہر مفت سولر ہوم سسٹم کٹ میں 80 واٹ کا سولر پینل، 18Ah لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری کے ساتھ اسمارٹ پاور مینجمنٹ یونٹ، ایل ای ڈی بلب، ڈی سی پیڈسٹل فین اور موبائل چارجنگ پورٹس شامل ہوں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔