پاکستان کو اب آگ سے بچاؤ کی نہیں بلکہ معاشی مضبوط بنیادوں کی ضرورت ہے، ڈاکٹر انیل سلمان

Pakistan now needs economic stability rather than fire prevention, Dr. Anil Salman.
معیشت اور سائبر سکیورٹی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ حالات میں آگ سے بچاؤ یا صرف روایتی سلامتی کے اقدامات کے بجائے مضبوط معاشی بنیادیں قائم کرنے اور ڈیجیٹل سکیورٹی کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر انیل سلمان نے کہا کہ پاکستان کو اب آگ سے بچاؤ کی نہیں بلکہ معاشی مضبوط بنیادوں کی ضرورت ہے۔ ہماری 76 سالہ پالیسی نے برآمدات کو بڑھانے پر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے ہم خطے کے دیگر ممالک سے پیچھے رہ گئے ہیں۔
ماہرِ سائبر سکیورٹی ڈاکٹر خرم نے خبردار کیا کہ آنے والی دہائی میں کوانٹم کمپیوٹنگ موجودہ خفیہ کاری کو ناکارہ بنا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سائبر سکیورٹی کے تین بڑے چیلنجز ہیں: فرسودہ ٹیکنالوجی، غیر مربوط پالیسیاں اور عوامی بے خبری۔ مزید یہ کہ 99 فیصد پاکستانی کمزور پاسورڈز استعمال کرتے ہیں جو سائبر حملوں کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔
ڈیجیٹل کرنسی کے ماہر مرتضیٰ نے کہا کہ کرپٹو کرنسی میں مواقع بھی ہیں اور خطرات بھی۔ ان کے مطابق پاکستان کو کرپٹو کرنسی کے لیے قواعد پر مبنی نہیں بلکہ اصولوں پر مبنی ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دینا ہوگا تاکہ یہ شریعت کے مطابق ہو اور ملکی ڈیجیٹل معیشت عالمی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائے۔
بینکاری شعبے کے ماہر سید صائم علی نے کہا کہ پاکستان کا بینکنگ سیکٹر مضبوط ہے، لیکن حکومتی قرضوں نے نجی شعبے کو نقصان پہنچایا۔ بینکوں کے پاس سرمایہ موجود ہے لیکن حکومت کے بھاری قرضے نجی سرمایہ کاری اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ پاکستان میں نچلی سطح تک ڈیجیٹل بینکنگ پہنچانا وقت کی ضرورت ہے۔
سابق وزیر خزانہ رانا احسن افضل نے کہا کہ عوامی مقبولیت کے لیے دی گئی سبسڈیز نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔ سستی بجلی اور گیس کی سبسڈیز نے معیشت کو تباہ کیا، اب اصلاحات ناگزیر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کو مضبوط بنائے بغیر پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں۔
ماہرین کا متفقہ خیال ہے کہ پاکستان کو معاشی اصلاحات، برآمدات کے فروغ، سائبر سکیورٹی میں بہتری اور ڈیجیٹل معیشت کے اصولی فریم ورک کی فوری ضرورت ہے تاکہ ملک آنے والے عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرسکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









