کراچی میں بارش کے بعد کیا صورتحال ہے، کونسی سڑکیں تاحال بند ہیں اور کہاں کہاں پانی جمع ہے؟

شہر قائد میں گزشتہ روز کہاں کتنی بارش ہوئی ؟ اعداد و شمار جاری
کراچی میں منگل کے روز ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر اب بھی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے اور سڑکوں پر جمع پانی نے ٹریفک کی روانی متاثر کر دی ہے۔
جی ٹی وی نیوز کے مطابق گلستان جوہر بلاک 7، 13 اور 18، محمودآباد، اخترکالونی، منظورکالونی، ڈیفنس ویو اور ملیر عالمگیر سوسائٹی سمیت مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے بجلی بند ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شکایات درج کرانے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی۔
پانی کی نکاسی بھی مکمل نہ ہو سکی۔ ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل پر ایف ٹی سی اور پی اے ایف میوزیم کے قریب اب بھی برساتی پانی کھڑا ہے۔ یونیورسٹی روڈ پر صفورا کے مقام پر بھی سڑک پانی میں ڈوبی ہوئی ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
شہر کے ریڈ زون میں بھی صورتحال بہتر نہیں۔ شاہین کمپلیکس سے آرٹس کونسل تک ایم آر کیانی روڈ اور ضیاء الدین احمد روڈ پر پانی جمع ہے۔ ضیاء الدین احمد روڈ کا ایک ٹریک اب بھی بند ہے جبکہ ڈرگ روڈ اور ناظم آباد انڈر پاس بھی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
گورنر ہاؤس کے قریب ایوان صدر روڈ پر بھی پولیس لائن تک پانی بھرا ہوا ہے۔ کھارادر اور ایم اے جناح روڈ پر بولٹن مارکیٹ کے اطراف کی سڑکیں بھی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ جامعہ سندھ مدرسۃ الاسلام کے اطراف بھی یہی صورتحال ہے۔
عیسیٰ نگری کے قریب گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہے۔ خراب گاڑیاں رات سے ہی سڑک کنارے کھڑی ہیں۔ شہریوں کو پیدل چلنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
رنچھوڑ لائن میں پرانی خالی عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔ ملبے تلے ایک خاتون اور مرد زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
کراچی کے شہری سوال کر رہے ہیں کہ بارش کے بعد نکاسی آب اور بجلی کی فراہمی میں تاخیر کیوں کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کی سست روی نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









