پیر، 23-مارچ،2026
پیر 1447/10/04هـ (23-03-2026م)

کراچی میں بارش کے بعد پاک فوج شہریوں کی مدد کیلئے میدان میں آ گئی

20 اگست, 2025 14:43

کراچی (20 اگست 2025): شہر قائد میں مسلسل بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی مشکلات کے حل کے لیے پاک فوج بھی انتظامیہ کی مدد کے لیے میدان میں آگئی ہے۔

بدھ کی صبح کور فائیو کی انجینئرنگ ٹیم ہیوی پمپنگ مشینوں اور بوٹس کے ساتھ غریب آباد انڈر بائی پاس پہنچی۔ وہاں فوجی اہلکاروں نے مقامی انتظامیہ اور واٹر بورڈ کے عملے کے ساتھ مل کر پانی کی نکاسی شروع کر دی۔

اہلکاروں کے مطابق ہیوی مشینری اور جدید آلات کی مدد سے پانی نکالنے کا عمل تیز کیا گیا ہے۔ مقصد یہ ہے کہ شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کا موقف

اسسٹنٹ کمشنر محمد سبحان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ، واٹر بورڈ اور فوج کی مشترکہ کوششوں سے صورتحال پر قابو پایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق شام تک ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیادہ تر علاقوں سے پانی نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے تمام ادارے دن رات کام کر رہے ہیں۔

شہری زندگی بری طرح متاثر

شدید بارش کے بعد کراچی کے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے تھے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام ہو گیا جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر رہیں۔ گھروں میں پانی داخل ہونے سے لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہریوں نے پاک فوج کی شمولیت کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی معمولات زندگی بحال ہو جائیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔