کراچی میں موسلا دھار بارش: مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق، شہر میں بدحالی برقرار

Torrential rains hit Karachi; 12 killed, major flooding and power cuts disrupt city
کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے تباہی مچادی۔ مختلف حادثات میں بچے اور خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
شہر میں کل کی سیلابی صورتحال کے اثرات آج بھی سڑکوں پر واضح ہیں۔ خراب گاڑیاں اور پانی کے گڑھے سڑکوں پر نظر آ رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلشن حدید میں پچھلے 24 گھنٹے میں 178 ملی میٹر جبکہ یونیورسٹی روڈ پر 145 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پانی کی نکاسی اور متاثرہ علاقے
کل کی سیلابی صورتحال کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔ کارساز، ملیر ہالٹ اور دیگر مقامات پر خراب گاڑیاں سڑکوں پر موجود ہیں۔ اولڈ سٹی ایریا، آرام باغ، سندھ ہائی کورٹ، لیاقت آباد، یونیورسٹی روڈ سمیت کئی علاقوں میں برساتی پانی جمع ہے۔
بجلی کی صورتحال
کے الیکٹرک کے مطابق شہر کے 2000 فیڈرز بحال ہیں، لیکن 240 فیڈرز تاحال بند ہیں۔ گلستان جوہر، سلطان آباد، نارتھ ناظم آباد، ملیر، معین آباد، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، گڈاپ، بن قاسم، سرجانی ٹاؤن، پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال اور ڈی ایچ اے میں 20 گھنٹے سے بجلی معطل ہے۔
ہوائی سفر متاثر
بارش کے رُک جانے کے کئی گھنٹے بعد بھی جناح ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول معمول پر نہیں آیا۔ ملکی اور بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئیں، متعدد اندرون ملک پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ائیرلائنز اور پی اے اے کا عملہ بروقت ڈیوٹی پر نہیں پہنچ سکا۔
عدالتیں بند
شہر میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے آج کراچی کی عدالتوں میں چھٹی کا اعلان کیا۔ سندھ ہائی کورٹ، کراچی پرنسپل سیٹ اور ماتحت عدالتیں آج بند رہیں۔
موسمی صورتحال
مون سون ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ملک کے جنوبی حصے پر اثر انداز ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کہیں کہیں تیز موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









