غذر میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب، متعدد گاؤں محصور

حالیہ بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے، جس کے نتیجے میں گلگت بلتستان کا ضلع غذر شدید متاثر ہوا۔
راؤشن گاؤں کی پوری آبادی راستے بند ہونے کے باعث محصور ہو کر رہ گئی اور درجنوں افراد مشکل صورتحال میں پھنس گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تالی داس نالے کے قریب رات گئے دونوں اطراف سے بھاری لینڈسلائیڈنگ ہوئی جس نے گلگت–شندور روڈ کو مکمل طور پر بلاک کر دیا ہے۔ آمدورفت بند ہونے سے قریبی دیہات بھی کٹ کر رہ گئے ہیں۔
وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ علاقے کو شدید نقصان پہنچا ہے لیکن خوش قسمتی سے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ گاؤں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ہیلی کاپٹر طلب کر لیا گیا ہے اور کمانڈر ایف سی این اے کی ہدایت پر امدادی ہیلی کاپٹر روانہ بھی کیا جا چکا ہے۔
غذر پولیس کے مطابق راؤشن گاؤں میں تقریباً 50 افراد محصور ہیں جنہوں نے حکومت سے فوری انخلا اور محفوظ مقام پر منتقلی کی درخواست کی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر غذر نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد رات تین بجے سے دریائے غذر کا بہاؤ رکا ہوا ہے، جس کے باعث پانی جمع ہو کر مزید آبادیوں کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں کو بروقت خبردار کیا گیا جس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان پیش نہیں آیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









