ہفتہ، 20-دسمبر،2025
ہفتہ 1447/06/29هـ (20-12-2025م)

خواتین پھول کی مانند ہیں جن کی حفاظت کرنا لازم ہے، ایرانی سپریم لیڈر کا حجاب پر تنقید کرنے والوں کو جواب

04 دسمبر, 2025 13:39

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ‌ای نے ایک مرتبہ پھر لازمی حجاب کے قانون کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین پھول کی مانند ہیں جن کی حفاظت کرنا لازم ہے۔

انہوں نے مغربی ممالک پر الزام لگایا کہ وہاں خواتین کی حرمت اور وقار کو شدید نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران میں بڑی تعداد میں خواتین سرِ عام حجاب قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔

انڈیا ٹو ڈے کے مطابق خامنہ‌ای نے سوشل میڈیا پر جاری پیغامات میں ایرانی معاشرے میں خواتین کے کردار کے بارے میں مذہبی نقطہ نظر پیش کیا، جس میں لازمی حجاب، صنفی تقسیم اور خلاف ورزی کی صورت میں سزائیں شامل ہیں۔

سپریم لیڈر نے مغربی سرمایہ دارانہ نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مغرب نے عورت کو "استعمال کی جانے والی شے” بنا دیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ خواتین کی عزت، تحفظ اور وقار کی پاسداری اسلامی تعلیمات کا بنیادی حصہ ہے۔ خواتین کو انہوں نے گھر کی "روح” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی مناسب دیکھ بھال کی جائے تو وہ اپنے اخلاق، کردار اور حسن سے خاندان کو سنوارتی ہیں۔

آیت اللہ خامنہ‌ای نے قرآن کی خواتین شخصیات، حضرت مریمؑ اور فرعون کی اہلیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام نے خواتین کو ہمیشہ بلند مقام دیا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ مغرب میں خاندان کا نظام بکھر چکا ہے اور وہاں اخلاقی و معاشرتی انحطاط اس قدر بڑھ گیا ہے کہ بچوں کی پرورش اور والدین کا کردار شدید متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے مغربی معاشروں میں بڑھتی ہوئی جنسی آزادی، نوجوان لڑکیوں پر تشدد اور گینگ کلچر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ "آزادی” کے نام پر کیا جا رہا ہے جس کا سب سے زیادہ نقصان خواتین کو ہوتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔