نیوزی لینڈ کے گولڈن ویزا سے متعلق بڑی خوشخبری آگئی

Big News About New Zealand’s Golden Visa Announced
نیوزی لینڈ کی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں کاروبار کرنے کی ترغیب دینے کے لیے نیا بزنس انویسٹر ورک ویزا لانچ کر دیا ہے، جسے گولڈن ویزا بھی کہا جا رہا ہے۔
اس اسکیم کے تحت سرمایہ کار ملک میں براہِ راست سرمایہ کاری کے بدلے ورک ویزا حاصل کر سکیں گے اور بعد ازاں مستقل رہائشی حیثیت بھی حاصل کر سکیں گے۔
نئی اسکیم میں دو سرمایہ کاری کے آپشن دیے گئے ہیں۔ پہلے آپشن کے تحت 10 لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کار تین سالہ ورک ٹو ریزیڈنسی ٹریک کے اہل ہوں گے۔
دوسرے آپشن میں 20 لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر کی سرمایہ کاری پر ایک سال میں رہائش کا تیز رفتار راستہ دستیاب ہوگا۔
سرمایہ کاروں سے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ وہ اور ان کے اہل خانہ کی ضروریات کے لیے کم از کم 5 لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر کے اثاثے موجود ہوں۔ اس کے علاوہ سرمایہ کار کا کم از کم پانچ فل ٹائم ملازمین والی کمپنی چلانا یا سالانہ 10 لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر کا کاروباری حجم رکھنا ضروری ہوگا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ ویزا میں شریک افراد میں اہلیہ/شوہر اور زیر کفالت بچے بھی شامل ہو سکیں گے۔ تاہم جوا، فاسٹ فوڈ اور تمباکو سے متعلق کاروبار میں سرمایہ کاری کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ نئی اسکیم ملک کے موجودہ ایکٹیو انویسٹر پلس ویزا کے ساتھ ساتھ چلائی جائے گی، جس میں 50 سے 100 لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بزنس انویسٹر ورک ویزا (گولڈن ویزا) کے لیے درخواستیں 24 نومبر 2025 سے قبول کی جائیں گی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











