بدھ، 10-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/19هـ (10-12-2025م)

ڈکی بھائی سے دورانِ حراست کیا سوالات پوچھے گئے؟ تفصیلات منظرِ عام پر آ گئیں

10 دسمبر, 2025 12:21

لاہور: معروف یوٹیوبر سعد الرحمن المعروف ڈکی بھائی کی دورانِ حراست بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

ڈکی بھائی غیرقانونی جوا ایپس کے فروغ اور مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں گرفتار ہوئے تھے اور 26 نومبر 2025 کو لاہور ہائیکورٹ سے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں پر ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔

ویڈیو میں قومی سائبر کرائم ادارے (NCCI) کے اہلکار سرفراز چوہدری ڈکی بھائی سے بات کرتے نظر آتے ہیں۔ سرفراز چوہدری ویڈیو میں ڈکی بھائی سے پوچھ رہے ہیں کہ "کہا جا رہا ہے کہ ہم نے آپ پر تشدد کیا، کیا یہ درست ہے؟” اور اگر ڈکی بھائی کو ان سے خوف ہے تو وہ کمرے سے باہر جانے کی پیشکش بھی کرتے ہیں۔ ویڈیو میں ڈاکٹر عفان قیصر بھی موجود ہیں۔

رہائی کے بعد اپنی ویڈیو میں ڈکی بھائی نے بعض NCCI اہلکاروں پر تشدد، ہراسانی، بلیک میلنگ اور بھاری رقوم کے مطالبات کے الزامات عائد کیے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ تفتیشی افسر نے ان کی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دے کر 60 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا، جو ان کے اہلِ خانہ نے ادھار لے کر ادا کیے۔ بعد میں مزید ڈیڑھ کروڑ روپے کی طلب کی گئی اور مزاحمت پر اضافی مقدمات کی دھمکیاں دی گئیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور متعدد سوالات اٹھائے ہیں۔

بعض صارفین نے سوال کیا کہ آیا دورانِ تفتیش ملزم کو یوٹیوبر یا میڈیا کے سامنے پیش کرنا مناسب ہے، جبکہ دیگر نے کہا کہ ویڈیو اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈکی بھائی پر تشدد نہیں ہوا، اور وہ اس ویڈیو کے ذریعے مالی فائدہ بھی حاصل کر چکے ہیں۔

ڈکی بھائی کو 17 اگست 2025 کو لاہور ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف جوا ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے الزامات تھے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔