ریڈ لائن عبور کرنے والوں کا سیاسی مستقبل ختم ہو چکا ہے، طلال چوہدری

ریڈ لائن عبور کرنے والوں کا سیاسی مستقبل ختم ہو چکا ہے، طلال چوہدری
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے کئی اہم فیصلے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے مشوروں کے تحت کیے گئے، جبکہ قومی حدود سے تجاوز کرنے والوں کے لیے اب سیاست میں کوئی جگہ باقی نہیں رہی۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آمریت کے ادوار کا بھی سامنا کیا اور ایک نام نہاد سیاسی آمریت کو بھی برداشت کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بارہا جماعت کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی، مگر عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ہمیشہ ن لیگ پر اعتماد کیا، اور پنجاب کی ترقی اس کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق اعلیٰ افسر فیض حمید کو قومی سرحدوں سے تجاوز کرنے پر سزا کا سامنا ہے۔
طلال چوہدری نے سوال اٹھایا کہ بھارت سے روابط، دشمن کے بیانیے کو تقویت دینا اور 9 مئی جیسے واقعات کیا کسی جمہوری سیاسی جماعت کے شایانِ شان ہو سکتے ہیں؟ ایسے اقدامات کرنے والوں کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے، جبکہ موجودہ حکومت کی ترجیح عوام کی فلاح اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہے۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ جن عناصر نے ملک کو نقصان پہنچایا ان کا احتساب ناگزیر ہے، حکومت ختم ہونے کے بعد پیش آنے والے کئی واقعات بھی فیض حمید کے مشوروں کا نتیجہ تھے، اور بانی پی ٹی آئی و فیض حمید کے قریبی تعلقات سے دنیا واقف ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیصلوں کا فائدہ صرف پی ٹی آئی کو ہوا جبکہ نقصان عوام اور ریاست نے اٹھایا۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ریاستی ادارے اپنی سطح پر خود احتسابی کر رہے ہیں، جبکہ عدلیہ اور سیاسی جماعتوں کو بھی اسی راستے پر چلنا ہوگا۔ ملک کو نقصان پہنچانے والے افراد کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










