فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کو جو عزت ملی اس کی مثال نہیں، خواجہ آصف

فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کو جو عزت ملی اس کی مثال نہیں، خواجہ آصف
سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کو جو عزت ملی اس کی مثال نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے خلاف مزید معاملات پر بھی کارروائی کی جائے گی، فیض حمید کو 15 ماہ تک کارروائی کے بعد سزا سنائی گئی۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کا منصوبہ 10 سے 12 سال پہلے بنایا گیا تھا، جبکہ نواز شریف کو من گھڑت الزامات پر وزارتِ عظمیٰ سے ہٹایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ہٹانے اور بانی پی ٹی آئی کو لانے کے منصوبے کے انچارج فیض حمید تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی ایک دوسرے کے پارٹنر رہے اور دونوں نے مل کر ملک کو نقصان پہنچایا، بانی پی ٹی آئی کے چار سالہ دور کو فیض حمید کی مکمل سرپرستی حاصل رہی اور انہی کی نگرانی میں بانی کو اقتدار میں لایا گیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا، دھمکیاں اور قید و بند فیض حمید کے کہنے پر ہوتی تھیں، فیض حمید نے بانی پی ٹی آئی کی صورت میں حکمرانی کا موقع حاصل کیا اور ملک کے ساتھ خطرناک کھیل کھیلا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ 9 مئی کے واقعات کے پیچھے بھی فیض حمید کا کردار تھا اور فوجی تنصیبات و یادگاروں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے، آج بھی سازشی عناصر بانی پی ٹی آئی کو دوبارہ لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر فیض حمید کا منصوبہ کامیاب ہو جاتا تو آج کا پاکستان کچھ اور ہوتا۔ رواں سال مئی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی اور دنیا بھر میں پاک فوج کی بھرپور پذیرائی ہوئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کا کڑا احتساب ہوگا، چاہے وہ وردی میں ہوں یا کسی اور ادارے میں۔ بیوروکریسی اور دیگر اداروں میں چھپے عناصر کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید کے پاس اپیل کا حق ہے جبکہ نواز شریف کو ایسا کوئی موقع نہیں دیا گیا۔ نواز شریف کے معاملے میں ہر سطح پر سختی کی گئی۔
مغربی سرحد سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے دہشت گردی کروائی جا رہی ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر الزام لگایا کہ وہ دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات کرتی ہے، جبکہ ان کے ہاتھ پاکستانی جوانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے طالبان کو واپس لا کر پاکستان میں بسایا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










