ہفتہ، 20-دسمبر،2025
جمعہ 1447/06/28هـ (19-12-2025م)

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ساحلی علاقے پر فائرنگ؛ حملہ آور باپ اور بیٹا نکلے

15 دسمبر, 2025 08:45

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ساحلی علاقے پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے کو پولیس نے باضابطہ طور پر دہشت گردی قرار دے دیا ہے، جبکہ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حملے میں ملوث افراد باپ اور بیٹا تھے۔

پولیس کی جانب سے پریس بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ فائرنگ ایک یہودی مذہبی تقریب کے دوران کی گئی۔ واقعے میں ملوث دونوں افراد میں سے ایک موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی حالت میں پولیس کی تحویل میں ہے۔

پولیس کمشنر کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 50 سالہ ساجد اکرم کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی ملزم 24 سالہ نوید اکرم ہے۔ دونوں کئی برسوں سے آسٹریلیا میں مقیم تھے۔

پولیس نے بتایا کہ ساجد اکرم کے پاس گزشتہ دس برس سے اسلحہ رکھنے کا قانونی لائسنس موجود تھا اور وہ ایک گن کلب سے بھی وابستہ رہا۔ کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے 6 مختلف ہتھیار تحویل میں لیے گئے ہیں، جن کے استعمال سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے واضح کیا ہے کہ مزید کسی حملہ آور کی تلاش نہیں کی جا رہی، تاہم اس دہشت گرد حملے کے محرکات اور پس منظر جاننے کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی حکومت نے واقعے پر آج یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

یاد رہے کہ سڈنی کے ساحلی علاقے میں پیش آنے والے اس خونریز واقعے میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 40 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کی فوری جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک حملہ آور ہلاک اور دوسرا گرفتار کیا گیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔