بدھ، 17-دسمبر،2025
منگل 1447/06/25هـ (16-12-2025م)

ڈاکٹر وردہ قتل کیس کے مرکزی ملزم کے قبضے سے سونا برآمد

16 دسمبر, 2025 08:56

ڈاکٹر وردہ کے اغوا اور قتل سے متعلق کیس میں تفتیش کے دوران پولیس کو اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کیس کی مرکزی کردار ردا کے شوہر وحید کے قبضے سے سونا برآمد کر لیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے پاس سے سونے کی 10 رسیدیں بھی ملی ہیں، جبکہ ملزمان کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والی رسی بھی برآمد کر لی گئی ہے، جس کے ذریعے ڈاکٹر وردہ کو گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 23 لاکھ روپے مالیت کے چیک بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ ڈاکٹر وردہ نے اپنی قریبی دوست ردا کے پاس 67 تولہ سونا بطور امانت رکھا تھا۔ ملزمہ ردا نے سونا واپس کرنے کے بہانے ڈاکٹر وردہ کو ساتھ لے جا کر واردات کو انجام دیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر وردہ کو 4 دسمبر کو اسپتال کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا، جبکہ چار روز بعد ان کی لاش لڑی بنوٹا کے علاقے سے برآمد ہوئی تھی۔

کیس میں اب تک ملزمہ ردا، اس کے شوہر وحید سمیت چار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں ندیم اور پرویز بھی شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر تمام ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزمہ ردا اور وحید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔