بدھ، 17-دسمبر،2025
منگل 1447/06/25هـ (16-12-2025م)

سڈنی میں فائرنگ کا واقعہ، حملہ آور بھارتی شہری بن کر فلپائن آئے، فلپائن امیگریشن کی تصدیق

16 دسمبر, 2025 11:51

سڈنی: ساحل پر فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان نومبر میں بھارتی پاسپورٹس استعمال کرتے ہوئے فلپائن کا سفر کر چکے تھے۔

فلپائن امیگریشن حکام کے مطابق ملزمان نے ڈاواؤ شہر کو اپنی آخری منزل ظاہر کیا اور یکم تا 28 نومبر کے درمیان فلپائن میں قیام کیا۔ بعد ازاں دونوں واپس سڈنی روانہ ہو گئے۔

 فلپائن کی فوج نے بتایا کہ ملزمان کی عسکری تربیت کی فوری تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

آسٹریلوی پولیس کے مطابق ملزمان کے فلپائن کے دورے کے مقاصد کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے ان کی گاڑی سے آئی ای ڈیز بھی برآمد کی ہیں اور ملزمان کے پاس داعش کے جھنڈے بھی پائے گئے۔

رپورٹس کے مطابق حملہ آور باپ اور بیٹے تھے، جنہوں نے اپنے منصوبے کے تحت سڈنی میں فائرنگ کی کارروائی انجام دی۔

دوسری جانب سڈنی میں پیش آنے والے حالیہ دہشتگرد حملے کے بعد بھارت کو عالمی سطح پر دہشتگردی کا مرکز قرار دیا جا رہا ہے، جس سے پاکستان کے دیرینہ مؤقف کی ایک بار پھر تائید ہوئی ہے۔ اقوامِ عالم اس حقیقت کی شاہد ہیں کہ بھارت منظم انداز میں بین الاقوامی سطح پر دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے۔

پاکستان کا مؤقف واضح رہا ہے کہ بھارت ریاستی سرپرستی میں نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر اور پاکستان بلکہ کینیڈا، امریکا اور مختلف یورپی ممالک میں بھی دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ سڈنی میں ہونے والا سفاکانہ حملہ بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کا تازہ اور واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔

ریاستی سرپرستی میں بھارتی دہشتگردی سے متعلق عالمی جریدوں نے ہوشربا انکشافات کرتے ہوئے مودی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ آسٹریلیا کے سیکیورٹی حکام اور اداروں کے بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے روابط نے اس بات کو مزید تقویت دی ہے کہ یہ حملہ ایک منظم منصوبے کے تحت کیا گیا۔

عالمی ذرائع کے مطابق سڈنی حملے میں ملوث مرکزی ملزم ساجد اکرم نے بھارتی پاسپورٹ پر سفر کیا۔ فلپائن امیگریشن حکام نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی شہریت رکھنے والے دہشتگرد باپ بیٹا، ساجد اکرم اور اس کا بیٹا نوید اکرم، حملے سے کچھ عرصہ قبل فلپائن گئے تھے۔

بی بی سی کے مطابق بھارتی نژاد 50 سالہ ساجد اکرم اور اس کا 24 سالہ بیٹا نوید اکرم دونوں آسٹریلوی شہریت کے بھی حامل ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق بھارت کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے سڈنی دہشتگرد حملے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، جسے مبصرین بھارتی نژاد دہشتگردوں کی براہِ راست شمولیت کا بالواسطہ اعتراف قرار دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سڈنی میں ہونے والے اس دہشتگرد حملے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ واقعے نے عالمی سطح پر سیکیورٹی خدشات میں شدید اضافہ کر دیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔