ای چالان سے بچنے کیلئے جعلی نمبر پلیٹ لگوانے والے ہو جائیں ہوشیار!! بڑا فیصلہ ہوگیا

Beware of using fake number plates to avoid e-challans!
کراچی میں ای چالان سے بچنے کے لیے جعلی، فینسی یا بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں اور موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے نیوز کانفرنس کے دوران شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض شہری ای چالان سے بچنے کے لیے جعلی نمبر پلیٹس استعمال کر رہے ہیں یا نمبر پلیٹ ہی غائب کر دیتے ہیں۔ اب ایسے تمام افراد کے خلاف آئندہ جمعہ سے بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اس مہم میں ایکسائز ڈپارٹمنٹ اور سی پی ایل سی کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ مہم کے دوران شہریوں کو آگاہی بھی دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی نمبر پلیٹ لگانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق فینسی اور گرین نمبر پلیٹس بھی غیر قانونی ہیں اور ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ اگر کسی شہری نے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے نمبر پلیٹ کے لیے درخواست دی ہے تو اس کی رسید ہونا ضروری ہے۔ قانونی نمبر پلیٹ نہ ہونے کی صورت میں گاڑی یا موٹرسائیکل عارضی طور پر ضبط کی جا سکتی ہے۔
جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ ٹریکنگ سسٹم کے آغاز کے بعد ٹریفک نظام میں واضح بہتری آئی ہے۔ موٹرسائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹریفک جرمانوں کے نظام پر بھی مسلسل مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں اب تک تقریباً ایک لاکھ ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں۔ سہولت مراکز کے ذریعے 36 ہزار سے زائد شہریوں کے مسائل حل کیے گئے ہیں۔ پہلے چالان پر رعایت دینے کا مثبت نتیجہ سامنے آ رہا ہے اور سندھ حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
اس موقع پر چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ہوتے ہوئے قانون سے بچنا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس سے تعاون کریں کیونکہ یہ تمام اقدامات شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے ہیں۔
زبیر حبیب کے مطابق ان اقدامات کے بعد ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سیٹ بیلٹ کے استعمال میں بھی اضافہ ہوا ہے اور مجموعی طور پر ٹریفک نظم و ضبط بہتر ہوا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










