اپنی چھت اپنا گھر پروگرام، بلاسود قرض سے مستفید افراد کیلئے سہولیات میں بڑا اضافہ کردیا گیا

Apni Chhat Apna Ghar program: major increase in facilities for interest-free loan beneficiaries
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرض لینے والے افراد کو مزید سہولیات دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے قرض کی واپسی کو آسان بنانے کے لیے نئی تجاویز پر کام شروع کر دیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس پروگرام کے تحت شہریوں کو 10 سال کی مدت کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرض دیا جاتا ہے۔
اب تجویز دی گئی ہے کہ جو افراد یہ قرض مقررہ مدت سے پہلے، یعنی 3 سے 6 سال کے اندر واپس کر دیں، انہیں 20 فیصد تک رعایت دی جائے۔ اس اقدام کا مقصد ذمہ دار قرض داروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگر قرض لینے والے شخص کا دورانِ مدت انتقال ہو جائے تو اس کا قرض معاف کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ اسی طرح کسی شہری کے معذور ہونے کی صورت میں بھی قرض میں خصوصی رعایت دینے پر غور کیا جا رہا ہے، تاکہ متاثرہ خاندانوں پر مالی بوجھ کم ہو سکے۔
اس حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایت پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر مرزا ولید بیگ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر اخوت، این ایس آر پی اور دیگر مائیکروفنانس اداروں نے بھی عملی تجاویز پیش کیں۔
ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے کہا کہ رعایت کے اطلاق کے لیے ایس او پیز جلد مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تیار شدہ لائحہ عمل صوبائی وزیر بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے، تاکہ یہ سہولیات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











