جمعہ، 19-دسمبر،2025
جمعرات 1447/06/27هـ (18-12-2025م)

ڈی جی آئی ایس پی آر کی کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں خصوصی نشست، طلبہ و اساتذہ کو ملکی امور اور مس انفارمیشن پر بریفنگ

18 دسمبر, 2025 13:37

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا، جس میں ملکی داخلی صورتحال، مس انفارمیشن کے پھیلاؤ اور دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس نشست میں شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے اپنے سوالات کیے، جن کے جوابات انہوں نے مدلل انداز میں دیے۔

شرکاء نے تقریب کے اختتام پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے لازوال قربانیوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

شرکاء نے کہا کہ بغیر تحقیق کے غیر مصدقہ معلومات کا پھیلاؤ قومی مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے سیشنز کے ذریعے مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کا تدارک مؤثر انداز میں کیا جا سکتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا مستقبل قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ فوج اور عوام کے درمیان تعاون ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔

شرکاء نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور یکجہتی انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے نوجوانوں میں آگاہی بڑھانے اور شعور اجاگر کرنے کے لیے ایسے سیشنز کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔

اس نشست نے پاکستان کے استحکام اور ترقی میں طلبہ کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا اور فتنہ الخوارج کے بارے میں واضح آگاہی فراہم کی۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔