منگل، 23-دسمبر،2025
منگل 1447/07/03هـ (23-12-2025م)

وزیر اعظم کا پاکستان انڈر 19 کے ایشیا کپ جیتنے کی خوشی میں کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے دینے کا اعلان

22 دسمبر, 2025 16:15

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھارت کے خلاف فائنل میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے بڑے انعام کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہر کھلاڑی کو ایک، ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا، جس پر ٹیم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

ایشین انڈر 19 چیمپئن ٹیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی استقبالیہ منعقد کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خود تمام کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور ان سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزرا اور کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بھارت کے خلاف بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ بھارت کو شکست دینا ایک بڑا اعزاز ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے خود میچ دیکھا اور ٹیم کے جذبے اور محنت کی مثال نہیں ملتی۔ پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہی نوجوان مستقبل میں انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لے کر آئیں گے۔ شہباز شریف نے چیئرمین پی سی بی کو ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کا مکمل خیال رکھا جائے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان میں سے کئی کھلاڑی آنے والے وقت میں قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے سمیر منہاس کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور انہیں میچ کا ہیرو قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی محسن نقوی کو پی سی بی کے امور بہتر انداز میں چلانے پر مبارکباد بھی دی۔

استقبالیے کے بعد کھلاڑیوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا۔ وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے ساتھ کھانا کھایا اور غیر رسمی گفتگو بھی کی۔ کھلاڑیوں نے بھرپور عزت افزائی پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں نے مستقبل میں بھی بہترین کارکردگی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سابق قومی کپتان اور انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا کہ وزیراعظم کا ایک، ایک کروڑ روپے انعام نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیئرز آگے چل کر پاکستان کا نام مزید روشن کریں گے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔