منگل، 23-دسمبر،2025
منگل 1447/07/03هـ (23-12-2025م)

10 لاکھ روپے تک کا آسان زرعی قرض؛ کسانوں کے لئے بڑی خبر آگئی

22 دسمبر, 2025 17:14

وفاقی حکومت نے چھوٹے کسانوں اور کاشتکاروں کے لیے ایک بڑا اور اہم قدم اٹھا لیا ہے۔

 رسمی مالیاتی نظام سے باہر رہنے والے 93 فیصد کسانوں کے لیے ’’زرخیز ای‘‘ کے نام سے زرعی قرضہ پروگرام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ان کسانوں کو مالی سہولت دینا ہے جو برسوں سے بینکنگ نظام تک رسائی حاصل نہیں کر سکے۔

وزارت خزانہ کے مطابق یہ اسکیم مکمل طور پر ڈیجیٹل ہے اور اس میں کسی قسم کی ضمانت کی شرط شامل نہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ کوئی وقتی اقدام نہیں بلکہ زرعی معیشت میں بنیادی اصلاحات کا حصہ ہے۔ اس پروگرام کے تحت تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار ایسے کسانوں کو مالی نظام میں شامل کیا جائے گا جو پہلے اس سے محروم تھے۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ آئندہ تین برسوں میں اس پروگرام کے ذریعے دیہی معیشت میں 300 ارب روپے کا سرمایہ آئے گا۔ قرضوں کی فراہمی زمین کی ملکیت کے بجائے کسان کی صلاحیت کی بنیاد پر کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل ایگرونومی، سیٹلائٹ ڈیٹا اور شناختی نظام کو استعمال میں لایا جائے گا تاکہ قرض کا عمل آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق پاکستان میں زرعی قرضوں کا نظام تاریخی طور پر ایکویٹی کے بجائے پیمانے کو ترجیح دیتا رہا ہے اور 7 فیصد کسان و کاشتکار مجموعی زرعی قرضوں کا 68 فیصد حصہ لے رہے تھے۔ نئے پروگرام کے ذریعے اس عدم توازن کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ چھوٹے کسانوں کو بھی برابر مواقع مل سکیں۔

اس اسکیم کے تحت مزارع کسانوں کو 5 لاکھ روپے تک اور زمین رکھنے والے کسانوں کو 10 لاکھ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔ پروگرام کو پورے ملک میں مساوی بنیادوں پر نافذ کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ و پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے کسان بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

زرخیز ای پروگرام کے تحت کسانوں کو فصل اور زندگی کا بیمہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ صرف قرضہ اسکیم نہیں بلکہ کسانوں کو آڑھتی نظام سے نجات دلانے اور مالی خودمختاری کی طرف لے جانے کی ایک کوشش ہے۔ اس سے غربت میں کمی اور زرعی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظفر مسعود نے کہا ہے کہ بینکاری شعبہ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی اور نئے کریڈٹ اسیسمنٹ طریقوں کے ذریعے خاص طور پر بے زمین اور چھوٹے کسانوں کو فنانس تک رسائی دی جائے گی۔ زرخیز ایپ اب گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔ کسان ڈیجیٹل آن بورڈنگ کے لیے قریبی بینک برانچ سے بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔