ٹرمپ کا فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد، جنگ رکوا کر ایک کروڑ جانیں بچانے کا دعویٰ

ٹرمپ کا فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد، جنگ رکوا کر ایک کروڑ جانیں بچانے کا دعویٰ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کے کردار کو سراہا۔
فلوریڈا میں وزیرِ جنگ اور وزیرِ بحری امور کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے کا حوالہ بھی دیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی کوششوں سے دنیا بھر میں اب تک آٹھ بڑے تنازعات کو روکا جا چکا ہے، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی تصادم بھی شامل تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کشیدگی کے دوران 8 طیارے تباہ ہوئے تھے، تاہم بروقت سفارتی اقدامات سے بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
امریکی صدر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک باوقار اور قابل احترام شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات کا اعتراف کیا کہ جنگ رکوانے سے ایک کروڑ سے زائد جانیں بچائی جا سکیں۔
پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے امریکی بحری طاقت میں اضافے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا جدید ترین اور پہلے سے سو گنا زیادہ طاقتور ’’ٹرمپ کلاس‘‘ بحری جہاز تیار کرے گا، جبکہ 15 نئی آبدوزیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبدوز سازی کے شعبے میں امریکا دنیا کے دیگر ممالک سے کم از کم 15 سال آگے ہے اور چین یا روس بھی اس میدان میں امریکا کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ ان کے بقول یہ آبدوزیں امریکا کے دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’’وکٹری‘‘ نامی نیا بحری جہاز امریکی فوجی صلاحیت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس سے امریکی شپ بلڈنگ انڈسٹری کو بھی فروغ ملے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی بحریہ کو دنیا کی طاقتور ترین بحریہ بنایا جا رہا ہے اور اس کے ہیڈکوارٹرز کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ جو ممالک چند سال پہلے امریکا کا مذاق اڑاتے تھے، آج وہ امریکی طاقت کا اعتراف اور احترام کر رہے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












