پی ٹی آئی سنجیدہ مذاکرات کیلئے تیار ہے تو حکومت بھی تیار ہے، وزیراعظم

پی ٹی آئی سنجیدہ مذاکرات کیلئے تیار ہے تو حکومت بھی تیار ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سنجیدہ مذاکرات کیلئے تیار ہے تو حکومت بھی تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مختلف کابینہ کمیٹیوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی اور غیر ملکی دوروں اور عالمی شخصیات سے ملاقاتوں پر وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا گیا۔
وفاقی کابینہ کے ارکان نے ملکی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وزیر اعظم نے ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر کے مستحکم ہونے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی حالیہ شاندار کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو شفاف بنانے پر کابینہ کے ارکان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ آج پی آئی اے کی نجکاری کا دن ہے۔
شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ اگر وہ سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہے تو حکومت بھی تیار ہے، لیکن مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ قبول نہیں۔
انہوں نے دوبارہ تمام جماعتوں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے باہمی اتفاق رائے پر مبنی مذاکرات کی دعوت دی۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل کو کنگ عبدالعزیز ایوارڈ ملنے پر وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ایوارڈ فیلڈ مارشل کے لیے نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








