منگل، 23-دسمبر،2025
منگل 1447/07/03هـ (23-12-2025م)

پاکستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کارورں کا اعتماد بحال، اسٹاک ایکسچینج نئی تاریخی بلندیوں کو چھونے لگی

23 دسمبر, 2025 13:23

پاکستان میں حکومت کی جانب سے معاشی اصلاحات کے مثبت اثرات نمایاں طور پر سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج نئی تاریخی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

مثبت معاشی پالیسیوں اور مائیکرو اکنامک استحکام کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج اس وقت دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹوں میں شمار ہو رہی ہے۔ دسمبر 2025ء کے وسط تک KSE-100 انڈیکس 1 لاکھ 71 ہزار 500 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کر چکا ہے، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی واضح عکاسی کرتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2025ء سے اب تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے امریکی ڈالر میں 47 فیصد جبکہ پاکستانی روپے میں 48 فیصد شاندار منافع فراہم کیا ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران مجموعی طور پر 300 فیصد تک منافع ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث اسٹاک مارکیٹ عالمی سطح پر صفِ اول کی مارکیٹس میں شامل ہو چکی ہے۔

سرمایہ کاروں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایکویٹی سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 50 ہزار ہو چکی ہے، جبکہ جون 2024ء سے نومبر 2025ء کے دوران 1 لاکھ 20 ہزار نئے سرمایہ کار شامل ہوئے، جو مجموعی سرمایہ کار بنیاد میں 37 فیصد اضافے کے مترادف ہے۔ ایکویٹی، کموڈٹیز، میوچل فنڈز اور فکسڈ انکم سمیت مجموعی عوامی مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جس میں ریٹیل سرمایہ کاروں کا کردار نمایاں ہے۔

کاروباری منافع میں بھی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ جنوری سے ستمبر 2025ء کے دوران کاروباری منافع میں سالانہ بنیادوں پر 14 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی میں یہ اضافہ 9 فیصد رہا، جس کی بڑی وجہ منافع کی شرح میں کمی بتائی جا رہی ہے۔

میوچل فنڈز کی مجموعی سرمایہ کاری 4 کھرب روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا حصہ جو ماضی میں 7 فیصد تک گر گیا تھا، اب بڑھ کر 14 فیصد ہو چکا ہے۔ یہ شرح پاکستان کی تاریخی اوسط 27 فیصد کے مقابلے میں مستقبل میں مزید اضافے کی گنجائش ظاہر کرتی ہے۔

مزید برآں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 2026ء کے دوران 16 سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہونے کی توقع ہے، جو تاریخی اعتبار سے ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان میں بلین ڈالر مالیت کی کمپنیوں کی تعداد بڑھ کر 18 سے زائد ہو گئی ہے، جو 2022ء میں کم ہو کر صرف تین رہ گئی تھیں۔

ماہرین کے مطابق یہ تمام اعشاریے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں مضبوط بحالی، سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور مستقبل کے روشن معاشی امکانات کی واضح تصویر پیش کرتے ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔