وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی کی ملاقات

H.E. Salem Mohammed Salem Al Bawab Al Zaabi, Ambassador of the United Arab Emirates (UAE) to Pakistan calls on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif
متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ جس میں وزیراعظم کےمعاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں پاکستان میں انکی حالیہ تقرری پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کئی دہائیوں سے باہمی احترام، دوستی اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے لیے نیک تمناوں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے آئندہ دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔
وزیرِاعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے ساتھ توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ریلوے اور ہوا بازی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے اہم شعبوں میں یو اے ای کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت، بشمول انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور ترقیاتی منصوبوں، کو بھی سراہا۔
سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








