منگل، 23-دسمبر،2025
منگل 1447/07/03هـ (23-12-2025م)

خارجیوں کے کیمپوں پر پاکستان کی کارروائی کا موازنہ بھارتی حملوں سے کرنا درست نہیں، خواجہ آصف

23 دسمبر, 2025 15:55

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ افغانستان پاکستان سرحد پر ٹی ٹی پی خارجیوں کے مستند دہشت گرد کیمپوں کے خلاف پاکستان کی کارروائی کا موازنہ بھارت کی جانب سے بہاولپور اور مریدکے میں مساجد اور مدارس پر حملوں سے کرنا سراسر غلط اور غیر مناسب ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف واضح اور قانونی مؤقف اپنایا ہے، جبکہ بھارت نے شہری آبادی اور مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اقوامِ عالم اور اقوام متحدہ بھی اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ افغان طالبان کے زیرِ سایہ افغانستان میں دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں۔ پاکستان میں آئے روز افغانستان سے آنے والی دہشت گرد کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ خطرہ اب بھی موجود ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پہلگام واقعے پر بھارت آج تک کوئی قابلِ قبول ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ اس کے برعکس پاکستان نے غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی، جسے نظر انداز کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ بھی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ بھارتی جارحیت غیر قانونی اور بے بنیاد تھی، جبکہ پاکستان کا ردعمل مکمل طور پر جائز اور دفاعی نوعیت کا تھا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت، اس کی پراکسی خوارج اور ان کے ہمدردوں کے بارے میں ہر قسم کے شکوک و شبہات کل بھی دور کیے گئے تھے اور آج بھی کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔