جمعہ، 16-جنوری،2026
جمعہ 1447/07/27هـ (16-01-2026م)

قومی ائیر لائن کی نجکاری سے حکومت کو 55 ارب روپے ملیں گے، مشیر نجکاری محمد علی

24 دسمبر, 2025 15:26

اسلام آباد: مشیر نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ قومی ائیر لائن کی نجکاری سے حکومت کو 55 ارب روپے ملیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور مشیر نجکاری محمد علی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل کامیابی اور شفافیت کے ساتھ مکمل ہوا ہے اور اس سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں، اسی لیے نجکاری ناگزیر تھی۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے نتیجے میں پی آئی اے کی عظمت آہستہ آہستہ بحال ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت فیصلے ہوتے تو اب تک پی آئی اے کے 100 جہاز ہونے چاہییں تھے، تاہم اس وقت صرف 18 طیارے آپریشنل ہیں جن میں سے 12 لیز پر ہیں۔

مشیر نجکاری نے بتایا کہ پی آئی اے سالانہ 40 لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کرتی ہے اور ادارے کے پاس 30 فیصد مارکیٹ شیئر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے لینڈ روٹس ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کو نجکاری سے 10 ارب نہیں بلکہ 55 ارب روپے ریونیو ملے گا، جبکہ گزشتہ 10 سال میں پی آئی اے کو 500 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

محمد علی نے واضح کیا کہ فیلڈ مارشل سمیت تمام متعلقہ اداروں کی رہنمائی سے بولی کا مرحلہ مکمل کیا گیا، پی آئی اے کے خلاف جان بوجھ کر جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر جہازوں سے متعلق غلط تاثر پھیلایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری ایک تاریخی لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڈنگ کا پورا عمل شفاف طریقے سے مکمل ہوا اور یہ نجکاری وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی بہترین کاوش کا نتیجہ ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ نجکاری کے فیصلے کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے اور حکومت کا معاشی اصلاحات کا ایجنڈا تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔