پاک روس دوطرفہ تعلقات میں بڑھتا ہوا اعتماد اور تعاون خطے کے لیے مثبت پیش رفت ہے :روسی سفیر

اسلام آباد: روسی سفیر البرٹ خوریف نے پاکستان فارن سروس اکیڈمی میں زیرِ تربیت طلبہ سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے مستقبل کے پاکستانی سفارت کاروں کو روس،پاکستان تعلقات کے مختلف ادوار، دوطرفہ مکالمے اور حالیہ پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
خطاب کے دوران سفیر البرٹ خوریف نے اس امر کو اجاگر کیا کہ دونوں ممالک نے سیاسی اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جبکہ باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں بڑھتے ہوئے اعتماد اور تعاون کو خطے کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔
روسی سفیر نے یوکرین اور اس سے ملحقہ خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے یوکرینی بحران کی بنیادی وجوہات بیان کرتے ہوئے یوریشیائی خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے میں مغربی ممالک کے کردار کو تنقیدی انداز میں پیش کیا اور طلبہ کو عالمی سیاست کے پیچیدہ پہلوؤں سے آگاہ کیا۔
خطاب کے اختتام پر سفیر البرٹ خوریف نے مستقبل کے پاکستانی سفارت کاروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانت داری، بصیرت اور قومی مفادات کے تحفظ کے جذبے کے ساتھ انجام دیں گے۔
اس موقع پر پاکستان فارن سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل سید علی اسد گیلانی بھی موجود تھے۔ تقریب کے بعد روسی سفیر نے ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ اکیڈمی کے احاطے میں پودا لگایا، جو دوطرفہ دوستی اور مستقبل میں مضبوط تعلقات کی علامت قرار دیا گیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









