جمعہ، 16-جنوری،2026
جمعہ 1447/07/27هـ (16-01-2026م)

مسیحی برادری آج پورے جوش و خروش کے ساتھ کرسمس کا تہوار منا رہی ہے

25 دسمبر, 2025 08:57

پاکستان کے مختلف حصوں میں مسیحی برادری دنیا کے دیگر ممالک کی طرح کرسمس کو روایتی جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔

چرچز اور سڑکیں رنگ برنگی روشنیوں اور کرسمس کے درختوں سے مزین ہیں، جبکہ بیکریوں میں خصوصی کرسمس کیک دستیاب ہیں۔

مارکیٹوں میں کرسمس کی اشیاء کی بھرمار ہے، اور بچے سانتا کلاز کے روپ میں ملبوس ہو کر تہوار کی خوشیوں کو بڑھا رہے ہیں۔

خاندانوں کے ہمراہ عبادت گزار چرچوں میں خصوصی دعائیہ تقریبات میں شریک ہو رہے ہیں۔

سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مسیحی برادری کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رکھا جا سکے، اور چرچوں کے باہر سیکیورٹی فورسز تعینات کی گئی ہیں۔

وزیراعظم کی پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

اسلام آباد: وزیراعظم نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار ملک اور مسیحی برادری کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسیحی برادری پاکستان میں ایک فعال، مثبت اور پرامن کردار ادا کر رہی ہے اور تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں ان کی گراں قدر خدمات قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح بلاتفریق تمام شہریوں کے لیے معاشی آسودگی اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ ہر شہری کو خوشحال اور محفوظ زندگی حاصل ہو۔

وزیراعظم نے کرسمس کے موقع پر تمام پاکستانیوں بالخصوص مسیحی برادری کے لیے خوشیوں اور سلامتی کی دعا کی۔

صدر آصف زرداری کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار اُمید، امن اور ہمدردی کا وقت ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ محبت اور انسانیت کی خدمت کا پیغام تمام انسانوں کو جوڑتا ہے اور مسیحی شہریوں نے تعلیم، صحت اور دیگر عوامی خدمت کے شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، اور یہ تہوار ہمیں بھائی چارے اور اجتماعی ہم آہنگی کا درس دیتا ہے۔

صدر زرداری نے اس موقع پر تمام پاکستانیوں، خصوصاً مسیحی برادری کے افراد کے لیے خوشیوں اور سلامتی کی دعا کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں تمام پاکستانی برابر کے شریک ہیں۔

وزیر داخلہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن محبت، قربانی، بھائی چارے اور امن کے پیغام کی یاددہانی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات رواداری، انسانیت کا احترام اور ہمدردی کے اعلیٰ اقدار پر مبنی ہیں، اور ان کا پیغام کسی ایک طبقے تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ مسیحی برادری کو اپنے مذہبی اور ثقافتی رسومات مکمل آزادی کے ساتھ منانے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے تعلیم، صحت، دفاع اور قومی تعمیر کے شعبوں میں مسیحی برادری کے کردار کو قابل فخر اور ناقابل فراموش قرار دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے ہمیشہ قانون کی پاسداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا ہے، اور ملک میں امن و بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔