25 سالہ معروف اداکارہ کو قتل کردیا گیا

25-Year-Old Famous Actress Murdered
براڈوے کی معروف نوجوان اداکارہ امانی ڈایا اسمتھ ایک قاتلانہ حملے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ پولیس نے اس واقعے میں ان کے بوائے فرینڈ کو گرفتار کر لیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 25 سالہ امانی ڈایا اسمتھ کو اسٹیج شو دی لائن کنگ میں ینگ نالا کے کردار سے خاصی شہرت حاصل ہوئی تھی۔ وہ نیو جرسی میں اپنے گھر میں موجود تھیں جب ان پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔ حملہ اتنا شدید تھا کہ وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
مڈل سیکس کاؤنٹی پراسیکیوٹر آفس کے مطابق اتوار کی صبح 9 بج کر 18 منٹ پر 911 پر ایمرجنسی کال موصول ہوئی۔ کال میں گروو ایونیو پر واقع ایک رہائش گاہ میں چاقو سے حملے کی اطلاع دی گئی۔ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی تو امانی اسمتھ شدید زخمی حالت میں پائی گئیں۔
پولیس نے امانی اسمتھ کو فوری طور پر رابرٹ وُڈ جانسن یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا۔ تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق چاقو کے گہرے وار ان کی موت کی وجہ بنے۔
پولیس نے مقتولہ کے 35 سالہ بوائے فرینڈ جارڈن ڈی جیکسن اسمال کو حراست میں لے لیا ہے۔ پراسیکیوٹر آفس کا کہنا ہے کہ امانی اور جارڈن ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے تھے، اس لیے واقعے کو اتفاقی تشدد قرار نہیں دیا جا رہا۔ ملزم کو بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم پر فرسٹ ڈگری قتل، بچے کی فلاح کو خطرے میں ڈالنے اور غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے سمیت کئی سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
امانی ڈایا اسمتھ کے پسماندگان میں ان کا تین سالہ بیٹا، والدین، دو کم عمر بہن بھائی اور دیگر قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔ خاندان نے گوفنڈ می کے ذریعے ایک فنڈ ریزنگ مہم بھی شروع کی ہے، جس میں 25 دسمبر تک 50 ہزار ڈالر سے زائد رقم جمع ہو چکی ہے۔
خاندان کے مطابق یہ رقم امانی کی تدفین، یادگاری تقریبات، جائے وقوعہ کی صفائی، نفسیاتی علاج، قانونی اخراجات اور ان کے کمسن بیٹے کی آئندہ دیکھ بھال کے لیے استعمال کی جائے گی۔ واضح رہے کہ امانی اسمتھ کی والدہ فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور ہیئر ڈریسر کے طور پر کام کرتی ہیں۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












