جمعہ، 16-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

فیلڈ مارشل کو دھمکیاں: ڈیمارش پر برطانیہ نے پاکستان سے شواہد طلب کر لیے

27 دسمبر, 2025 11:35

اسلام آباد: پاکستان نے برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر ہونے والے احتجاج اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے خلاف دھمکی آمیز نعروں کے معاملے پر برطانوی حکام کو ڈیمارش جاری کر دیا ہے، جس پر برطانیہ نے پاکستان سے اس واقعے کے شواہد طلب کر لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جمعہ کی شب وزارتِ خارجہ کی جانب سے برطانوی ڈپٹی ہیڈ آف مشن میٹ کینل کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ احتجاج کے دوران اشتعال انگیز نعروں میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔

برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ برطانیہ میں پولیس اور پراسیکیوشن حکومت سے آزاد ہو کر کام کرتے ہیں۔ اگر کسی غیر ملکی حکومت کو شبہ ہو کہ برطانیہ میں کوئی جرم ہوا ہے تو وہ تمام متعلقہ شواہد پولیس کو فراہم کرے۔ پولیس قانون کے مطابق اس مواد کا جائزہ لے گی۔

ذرائع کے مطابق احتجاج میں پاکستان تحریک انصاف لندن کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے مظاہرین کو جمع کیا گیا تھا۔ مظاہرے میں فیلڈ مارشل کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز زبان استعمال کی گئی اور کار بم دھماکے میں انہیں ہلاک کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

وزارتِ خارجہ نے برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھتا ہے اور امید ہے کہ برطانوی حکومت فوری اور مؤثر اقدامات کرے گی۔ مراسلے میں زور دیا گیا کہ کسی بھی ملک کی سرزمین سے دوسرے ملک کے اعلیٰ عسکری افسران کے خلاف دھمکیاں دینا قابل قبول نہیں۔

پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاج میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور برطانیہ کی سرزمین کو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔