جوہری سرگرمیاں بند نہ ہوئیں تو سخت کارروائی ہوگی، ٹرمپ کی ایران کو دوبارہ وارننگ

جوہری سرگرمیاں بند نہ ہوئیں تو سخت کارروائی ہوگی، ٹرمپ کی ایران کو دوبارہ وارننگ
فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک مرتبہ پھر سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے جوہری تنصیبات کی تعمیر کا عمل جاری رکھا تو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
فلوریڈا میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران دوبارہ جوہری ڈھانچے کی تعمیر کی کوشش کر رہا ہے۔ ایسی کسی بھی پیش رفت کی صورت میں فوری فوجی کارروائی کی حمایت کی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو بحال کرنے کی کوشش کی تو اسے مکمل طور پر ناکام بنانا ہوگا، امریکا غیر ضروری فوجی وسائل کے استعمال سے گریز چاہتا ہے، ایران کے لیے بہتر راستہ یہی ہے کہ وہ کسی معاہدے پر آمادہ ہو جائے۔
اس موقع پر امریکی صدر نے اسرائیل کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل خطے میں ایک اہم فریق ہے اور امریکا اس کا ساتھ ہر حال میں دیتا رہے گا۔
غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر حماس نے غیر مسلح ہونے سے انکار کیا تو اسے اس کی قیمت ادا کرنا پڑے گی، جبکہ غزہ سے اسرائیلی افواج کے انخلا کا معاملہ الگ نوعیت کا ہے اور اس پر بات چیت جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے اور اس معاملے پر اسرائیل اور ترکیہ کے درمیان کشیدگی بڑھنے کا خدشہ موجود ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ سے متعلق منصوبے کے دوسرے مرحلے کے آغاز کی جلد توقع ہے اور علاقے کی تعمیر نو کا عمل بھی آئندہ دنوں میں شروع ہو سکتا ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی رہائش گاہ پر مبینہ یوکرینی حملے سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ خبر سن کر انہیں شدید تشویش اور غصہ ہوا۔ یوکرین جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے ابھی کئی پیچیدہ مسائل حل ہونا باقی ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










