پاکستان کا اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے پر سخت ردعمل، فلسطینیوں کی جبری منتقلی مسترد

پاکستان کا اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے پر سخت ردعمل، فلسطینیوں کی جبری منتقلی مسترد
نیویارک: پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو دو ٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے فلسطینی عوام کو بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناقابلِ قبول قرار دے دیا ہے۔
صومالی لینڈ سے متعلق اسرائیلی اعلان پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے واضح کیا کہ پاکستان اسرائیل کے اس اقدام کو تسلیم نہیں کرتا۔
عثمان جدون نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ اطلاعات کے مطابق اسرائیل غزہ سے فلسطینیوں کو نکال کر صومالی لینڈ منتقل کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے، جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی زبردستی منتقلی یا آبادکاری کی ہر کوشش کی مخالفت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کے ذریعے حل کیا جائے۔
پاکستانی نائب مندوب نے مزید کہا کہ صومالیہ کی حکومت ملک میں استحکام کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اسرائیل کا یہ رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے اور خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔
عثمان جدون نے اس بات پر زور دیا کہ صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کی جاتی ہے اور صومالی لینڈ سے متعلق اسرائیلی فیصلہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے حال ہی میں خود ساختہ جمہوریہ صومالی لینڈ کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس پر پاکستان سمیت متعدد مسلم ممالک نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











