منگل، 30-دسمبر،2025
منگل 1447/07/10هـ (30-12-2025م)

سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے فوجی عدالت کی سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی

30 دسمبر, 2025 09:39

اسلام آباد: سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے فوجی عدالت کی طرف سے سنائی گئی 14 سال قید بامشقت کی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق فیض حمید کے وکیل میاں علی اشفاق نے تصدیق کی کہ اپیل رجسٹرار کورٹ آف اپیلز، اے جی برانچ اور چیف آف آرمی اسٹاف کے پاس جمع کرائی گئی ہے۔ اپیل میں فوجی عدالت کے فیصلے کی نظر ثانی کی درخواست کی گئی ہے۔

پاک فوج کے مطابق پاکستان آرمی ایکٹ کے سیکشن 133B کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل (ایف جی سی ایم) کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا وقت 40 دن ہے۔ اپیل کا جائزہ سب سے پہلے کورٹ آف اپیلز کے ذریعے کیا جاتا ہے، جس کی سربراہی ایک میجر جنرل یا اس سے اعلیٰ افسر کرتے ہیں، اور اس کے بعد آرمی چیف کے پاس سزا کی توثیق، نظر ثانی یا منسوخی کا اختیار ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ 11 دسمبر 2025 کو آئی ایس پی آر نے اعلان کیا تھا کہ سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو چار الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ الزامات میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال، اور شہریوں کو نقصان پہنچانا شامل تھے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ عدالت نے تمام قانونی دفعات کی تعمیل کی اور ملزم کو اپنی منتخب دفاعی ٹیم کے ساتھ تمام قانونی حقوق فراہم کیے گئے۔ سیاسی عناصر کے ساتھ ملی بھگت اور سیاسی افراتفری کے معاملات الگ سے زیر غور ہیں۔

فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا عمل 12 اگست 2024 کو شروع ہوا اور تقریباً 15 ماہ جاری رہا، جس کے بعد عدالت نے ملزم کو تمام الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا سنائی۔

یہ اپیل اب عدالت کے زیر غور آئے گی، جس کے بعد آرمی چیف کی جانب سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔