منگل، 30-دسمبر،2025
منگل 1447/07/10هـ (30-12-2025م)

اسرائیل کی کسی بھی مہم جوئی کا سخت جواب دیا جائے گا، ایران

30 دسمبر, 2025 10:30

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کے جواب کی تیاری کر رہا ہے۔

ہفتہ وار پریس کانفرنس میں اسماعیل بقائی نے خبردار کیا کہ کسی بھی نئی جارحیت کا ردعمل گزشتہ بارہ روزہ جنگ سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایران کے خلاف دشمنی بڑھانے کے لیے مختلف بہانے استعمال کر رہا ہے اور نیتن یاہو کی حالیہ کارروائیوں سے یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ امریکا علاقائی عدم استحکام کے منصوبوں کا حصہ ہے، جسے امریکی حکام درست کریں۔

ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ایران اس کا رکن ہے اور رابطے جاری ہیں، تاہم تعاون کے لیے ایک نیا طریقہ کار طے کرنے پر ابھی بات چیت کی ضرورت ہے۔

یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیل توقع کر رہا ہے کہ نیتن یاہو امریکہ کو ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے خلاف مشترکہ کارروائی پر قائل کرے گا۔ ایران نے اس دوران ایٹمی ایجنسی کے معائنوں کو مؤخر کر دیا ہے اور ایک قانون پاس کیا ہے جس کے تحت ایجنسی کے ساتھ تعاون کی منظوری اعلیٰ قومی سلامتی کونسل سے مشروط ہوگی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔